Live Updates

مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ شملہ معاہدہ تھا،راجہ محمد فاروق حیدر

وزیر دفاع کی جانب سے شملہ معاہدہ کے خاتمے کے بیان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،سیز فائر لائن عارضی حد بندی ،اطلاق دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں پر نہیں ہوتا ،سابق وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 5 جون 2025 17:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ شملہ معاہدہ تھا،وزیر دفاع کی جانب سے شملہ معاہدہ کے خاتمے کے بیان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،سیز فائر لائن عارضی حد بندی ہے جس کا اطلاق دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں پر نہیں ہوتا وہ پوری ریاست کے شہری ہیں اور ان کے آر پار جانے پر کوئی پابندی نہیں ،پاکستان کی موثر سفارت کاری کے باعث ہندوستان کو اندرون ملک شدید تنقید کا سامنا ہے ۔

پاکستان کا انسداد بین الاقوامی دہشت گردی فورم برائے سلامتی کونسل کا وائس چیئرمین بننا بڑی کامیابی اور ہندوستان کے بیانیے کی معزز ترین فورم پر شکست ہے ۔ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کے اعزاز میں منعقدہ فل کورٹ ریفرنس کے بعد ہائیکورٹ بار میں سینئر وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کی قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے ،جدید ڈیجیٹل دور میں پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود جس مہارت دلیری اور سب سے بڑھ کر تائید ایزدی سے کامیابی حاصل کی پاکستان نے ان تمام حالات میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کیا جس کو بین الاقوامی پذیرائی ملی ،اس سارے عمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے جنگ بندی کروائی اور خطے کو بڑے تصادم سے بچا لیا ۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی واضح موقف پاکستان کے بیانیہ کی جیت اور کشمیرکے مسئلے کی ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہے۔ مودی کو گھر اور باہر ہر جگہ شرمندگی ہورہی ہے ،فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے لیکر اب تک ہندوستان کو ہر محاذ پر شرمندگی ہی شرمندگی کا سامنا ہے جبکہ پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی دفاعی قوت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات