Live Updates

بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت پاکستانی وفد نے بھارت کو سفارتی محاذ پر شکست دی ہے،سینیٹر وقار مہدی

جمعرات 5 جون 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی محاذ پر تاریخی کردار ادا کرتے ہوئے مودی کے جھوٹ اور بھارتی اشتعال انگیزیوں کی شکل میں ہندتوا کے پیروکاوروں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر مہدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت پاکستانی وفد نے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دے دی ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے دنیا کے سامنے پاکستان کا کیس مضبوط انداز میں پیش کرتے ہوئے گجرات کے قصاب نریندر مودی کے جھوٹے بیانیہ کا بھی وہی حشر کردیا جو پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل جہازوں کا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سفارتی دورے کے دوران مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور خطے میں بھارت کی پراکسی وار کو بھی بے نقاب کردیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کو نریندر مودی کا وہ چہرہ دکھا دیا ہے کہ وہ اب اپنی مرضی کا نقاب نہیں پہن سکتا۔سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب سفارتکاری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سفارتی تدبر اور عالمی امور پر عبور کی یاد تازہ کردی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سحر انگیز شخصیت سفارتی اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اب صرف پاکستان نہیں عالمی سطح پر بھی تسلیم شدہ لیڈر ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی پذیرائی جمہوریت کی کامیابی اور پاکستان کی فتح ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات