Live Updates

بانی سے کوئی ڈیل نہیں ،رہائی عدالت سے ہو گی،وفاقی وزیر ریلوے

اب ریلوے میں کام نہ کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہو گا،حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جون 2025 16:44

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالت ہے، ریلوے اسٹیشن کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکن اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں، الیکشن سے قبل سزا یافتہ ہو کر جیل گئے لیکن کبھی رونا دھونا نہیں کیا کیونکہ ہمارا ضمیر مطمئن تھا کہ ہم حق پر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگنی چاہیے، جب بھارت پاکستان پر حملہ آور تھا، اس وقت وہ پاک فوج پر طعن و تشنیع کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعوی کیا کہ بھارت سے بھی کہا گیا تھا کہ وہ معافی مانگے مگر اس نے ایسا نہیں کیا تو پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کے 26ایئر بیس تباہ کیے، 22چوکیاں فتح کیں اور دشمن کے چھ جنگی طیارے، جن میں رافیل طیارے بھی شامل تھے، مار گرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دشمن حملہ آور ہو، تو قوم کو متحد ہو کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔حنیف عباسی نے مزید کہا کہ جنرل سید عاصم منیر میدان کے فیلڈ مارشل ہیں جبکہ ماضی میں ایک شخص ڈرائنگ روم سے فیلڈ مارشل بن بیٹھا تھا۔

ریلوے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ بولان ایکسپریس، جو پہلے ہفتے میں صرف دو دن چلتی تھی، اب روزانہ چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریلوے کو اپ گریڈ نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک تھر کول اور ریکوڈک منصوبے بھی ترقی نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے کی بہتری کے بغیر ہم سنٹرل ایشیا، یورپ اور ماسکو تک ریلوے روابط کا خواب پورا نہیں کر سکتے۔

ریلوے ملازم ایس ٹی محمد اکرم کی ناگہانی وفات پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں، لیکن ریلوے نے متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کر دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں صرف وہی ریلوے ملازم ادارے میں کام کرے گا جو اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، بصورت دیگر غفلت کے مرتکب افراد کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات