Live Updates

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا عیدالاضحی کے مبارک دن جہلم ویلی کا دورہ کشمیری عوام کے لیے حوصلہ افزا ہے‘اشفاق ظفر

منگل 10 جون 2025 17:59

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا عیدالاضحی کے مبارک دن جہلم ویلی کا دورہ کشمیری عوام کے لیے نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ افواجِ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے اشفاق ظفر نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا یہ دورہ بھارتی جارحیت، ریاستی دہشت گردی اور نریندر مودی کی فسطائی سوچ کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، جو دنیا کو یہ باور کرواتا ہے کہ پاکستان اور اس کے ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں اُن کے پشتیبان ہیں،مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم برپا کر رکھے ہیں، وہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں،صاحبزادہ اشفاق ظفر نے غیر ملکی دورے کے دوران پاکستان کے موقف کو دوٹوک انداز میں پیش کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اور کشمیری عوام کا موقف انتہائی دلیری، جرأت اور سیاسی بصیرت کے ساتھ پیش کر کے بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا، بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا، اور نریندر مودی کی انتہاپسند پالیسیوں پر دوٹوک موقف اختیار کر کے عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کروائی، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سب سے مضبوط آواز ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری آج بھی اس جدوجہد کو عالمی سطح پر زندہ رکھے ہوئے ہیں، کشمیری عوام جانتے ہیں کہ ان کی حقیقی ترجمانی پیپلز پارٹی کے قائدین ہی کر سکتے ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات