Live Updates

پاکستانی پارلیمانی سفارتی وفد کا دورہ امریکا انتہائی مصروف اور مثبت رہا،ملک محمد اسحاق

بلاول بھٹو زرداری اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں

بدھ 11 جون 2025 16:22

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)صدر پاکستان پیپلزپارٹی (پالیسیز ومنصوبہ بندی) خلیج ومشرق وسطیٰ ملک محمد اسحاق نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی سفارتی وفد کا دورہ امریکا انتہائی مصروف اور مثبت رہا،اپنے دورہ امریکہ کے دوران ان کی 50 سے زائد اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں،سب نے بھارت کے پانی کو ہتھیار بنانے کی کوشش کی مخالفت کی۔

انھوں نے کہا کہ اب پاکستانی پارلیمانی سفارتی وفد لندن پہنچ چکا ہے وفد کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہے ان شاء اللہ پاکستان کو بھارت پر بھرپور سبقت حاصل ہو گی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں بھارت کی جنگجو سوچ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا تنازع ہے،جس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکلنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ بطور وفاقی وزیر خارجہ بھی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نہایت دلیری سے دنیا بھر میں پاکستان کا مقدمہ لڑا مسئلہ کشمیر کو بھرپور اجاگر کیا اور اب بطور پاکستانی پارلیمانی سفارتی وفد کے سربراہ کی حیثیت سے دوبارہ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھا رہے ہیں۔انھوں نے کہا بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت، نہتے عوام کو نشانہ بنائے جانے کا عمل اور سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل کیے جانے کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل میں تبدیل کر دیا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کئے جا رہے ہیں دوسری جانب مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو مقبوضہ فلسطین سے مسلمانوں کا نام ونشان مٹانا چاہتا ہے لیکن اس کو پہلی کی طرح اس بار بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مظلوم و محکوم فلسطینیوں کے لئے ہم سب کو اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات