Live Updates

عوام دوست بجٹ وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے،مریم اورنگزیب

جمعرات 12 جون 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کو حکومت کا دوسرا وفاقی بجٹ پیش کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور بجٹ میں عوام کیلئے ریلیف کے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا کر ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔

موجودہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، جبکہ تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس میں کمی ایک اہم ریلیف ہے جس سے عوام کو دوہرا فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی موجودگی کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کرنا وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نہ صرف معیشت کو سنبھالا ہے بلکہ عوام کو ریلیف بھی فراہم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بجٹ قومی ضروریات، عوامی مفادات اور عالمی ذمہ داریوں کے درمیان ایک متوازن بجٹ ہے۔ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی ایک سال میں ممکن ہوئی جو کہ موجودہ حکومت کی دن رات کی محنت اور بہترین پالیسیز کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے سمجھ لیا ہے کہ ملک، قوم اور معیشت کو مشکل ترین حالات میں سنبھالنے کی صلاحیت صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔

ریونیو، برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر میں اضافہ حکومت کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صنعتی شعبے کی بحالی کیلئے واضح حکمت عملی اور عملی پلان موجود ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ویژن پیش کیا ہے جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں اور زرعی شعبے کی بہتری کیلئے بجٹ میں جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ مجموعی طور پر معیشت کی بہتری کا باعث بنیں گے۔ عالمی مالیاتی ادارے بھی حکومت کی کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات