Live Updates

ایران کی جوابی کارروائی سے صیہونی ریاست میں تباہی مچ گئی،راجہ شبیر احمد

وہ وقت دور نہیں جب ہمارے فلسطینی بھائی اور قبلہ اول بیت المقدس یہودی تسلط سے آزاد ہوں گے اور مسلمان وہاں آزادی سے نماز ادا کریں گے

اتوار 15 جون 2025 14:55

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد نے ایران پر اسرائیل کے بلا اشتعال حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور دیگر نقصان کی شدید مذمت اور اپنے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے خصوصی بیان میں راجہ شبیر احمد نے کہا کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام پر مذاکرات چل رہے تھے لیکن اسرائیل نے خلیج میں اپنی علاقائی چوہدراہٹ اور فلسطینیوں کے بلا روک ٹوٹ قتل عام کرنے کے لیے ایران پر بلاجواز حملہ کیا جس سے اس کے سول سائنسدانوں سمیت اعلیٰ عسکری قیادت شہید ہوئی اور ایرانی ایٹمی اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

راجہ شبیر احمد نے کہا کہ اسرائیل کے یہ حملے ایران کے خودمختاری اور بین الاقوامی جنگی ممنوعات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔

(جاری ہے)

میں بطور اوورسیز کشمیری قوم کی طرف سے ایران پر ہوئے غیر قانونی حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ان اقدامات سے مشرق وسطیٰ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن قائم کرنے اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کی کاوشوں کو نقصان پہنچا ہے ثابت ہو گیا کہ اسرائیل نہ صرف جارح ملک ہے بلکہ یہ صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم سب کھل کر اپنے پڑوسی اور برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے ہماری مسئلہ کشمیر، زلزلہ 2005، ہر قسم کی آفات، پاک بھارت جنگ 2019 اور 2025 میں غیر مشروط حمایت اور کھلم کھلا مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جوابی کارروائی سے صیہونی ریاست میں تباہی مچ گئی اور اس وقت اسرائیل کے حملہ آور یہودی اپنے زخم چاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے فلسطینی بھائی اور قبلہ اول بیت المقدس یہودی تسلط سے آزاد ہوں گے اور مسلمان وہاں آزادی سے نماز ادا کریں گے۔ان شاء اللہ حق کی فتح ہو گی ایران کامیاب و کامران ہو گا امریکہ اور اسرائیل سمیت بھارت بھی تباہ وبرباد ہو گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات