Live Updates

بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے، آصفہ بھٹو زرداری

جمعرات 19 جون 2025 16:42

بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے، آصفہ بھٹو زرداری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے، ملک کے پسماندہ اور غریب عوام تک وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے وطن کا دفاع کرنے والی افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل حالات میں بلاول بھٹو زرداری نے مشکل حالات میں عالمی سطح پر پاکستان کی شاندار انداز میں نمائندگی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ تاریخ میں مشکل صورتحال پیش آئی تو ملک کی ہر عورت، بچہ اور جوان ملک کے دفاع کیلئے آگے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بجٹ مالیاتی امور سے متعلق ہوتا ہے، ملک میں غریب آدمی اور غریب طبقات مشکل صورتحال سے دوچار ہیں انہیں زندگی کی بنیادی ضروریات بھی دستیاب نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

44 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ایمرجنسی کے تحت ہمیں تعلیم کا بجٹ بڑھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینلز پر ٹیکس کا کوئی جواز نہیں بنتا، ہمیں بڑے شرم سے بات کرنی پڑ رہی ہے کہ 2025 میں ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا سوشل سیکٹر پروگرام ہے۔ حکومت کی طرف سے اس میں 21 فیصد اضافہ لائق تحسین ہے، ملک کی خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حقیقی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے خصوصی طور پر سندھ کو اس سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21لاکھ گھر سیلاب سے متاثر ہوئے۔لوگوں کا بے پناہ جانی اور مالی نقصان ہوا، بجٹ حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات