امریکی حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ ،شہباز شریف کا ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا شرمناک ہے‘ سراج الحق

جن اسلامی ممالک میں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں ایران ان پر بھی حملہ کرنے کا حق رکھتا ہے‘ سا بق امیر جماعت اسلامی

اتوار 22 جون 2025 16:15

شرقپور شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایران پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ایران کی کھلی حمایت کرے،امریکی حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ قرار ہے ،امریکہ نے مذاکرات کے نام پر دھوکہ دے کر ایران پر حملہ کیا جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ انسانی اقدار کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

صاحبزادہ میاں جلیل احمد کے ڈیرے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کو امریکہ اور اس کے مفادات پر حملے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جن اسلامی ممالک میں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں ایران ان پر بھی حملہ کرنے کا حق رکھتا ہے۔ پاکستان کی حکومت کو فوری طور پر ایران کی جانی، مالی اور سفارتی سطح پر حمایت کا اعلان کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل قیادت علما ء و مشائخ ہیں اور تمام مکاتب فکر ایران کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کاامریکی صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنا شرمناک ہے،وزیراعظم کو 25 کروڑ عوام سے معافی مانگنی چاہیے اور اللہ سے توبہ کرنی چاہیے۔اس موقع پر میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننا ایران کا حق ہے اور ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور اس کے خاتمے سے ہی دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔