Live Updates

خواجہ آصف کی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی حمایت

پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکا نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیں سوٹ کرتا ہے، اس حوالے سے نوبیل انعام کی سفارش کا تعلق بنتا ہے، وزیر دفاع

muhammad ali محمد علی پیر 23 جون 2025 20:26

خواجہ آصف کی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی حمایت
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون 2025ء ) خواجہ آصف کی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی حمایت۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک حالیہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کی جانب سے نوبل امن انعام کیلئے نامزد کیے جانے کے فیصلے کی حمایت کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تنازع میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جو کردار ادا کیا وہ اہمیت رکھتا ہے، انہوں نے پاک بھارت جنگ روکنے میں مدد کی۔

امریکا نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیں سوٹ کرتا ہے، اس حوالے سے نوبیل انعام کی سفارش کا تعلق بنتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ٹرمپ کی نوبل امن انعام کیلئے نامزدگی حیرت انگیز قرار دے دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایرانی سفیر سے سوال کیا گیا کہ آپ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل امن انعام کے لیے نامزدگی کو کس طرح دیکھتے ہیں؟ اس کے جواب میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ٹرمپ کی نامزدگی تاریخی طور پر عجیب ہے، امریکی صدر کو امن کا نوبل انعام دینا ایک عجیب واقعہ ہوگا کیوں کہ ٹرمپ وہ ہے جس نے صہیونی حکومت کے معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کو درست قرار دیا، جنرل سلیمانی کے قتل میں بھی ٹرمپ کا ہاتھ تھا، دو مہینے ہوئے ٹرمپ کو صدر بنے اور اس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں، انتخاب کے صرف دو ماہ میں کئی جرائم کے مرتکب ہوئے، ایسے شخص کو نوبل دیا جائے تو مجرموں کو کیا ملے گا؟۔

(جاری ہے)

اسی طرح جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے، امریکہ کے ہاتھوں پر افغانستان اور فلسطینیوں کا خون بہہ رہا ہے، وہ کیسے امن کا داعی بن سکتا ہے؟ اس وقت خطے کی صورتحال باعث تشویش ہے، دنیا میں اس وقت معیشت کی جنگ چل رہی ہے، مشرق وسطیٰ میں جب چینی اقتصادیات کو فروغ مل رہا ہے ایسے وقت میں امریکہ طاقت کا مظاہرہ کرکے اس کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن کے نعرہ کے ساتھ صدارتی انتخاب جیتا اور اپنے دعوی میں جھوٹا ثابت ہوا، فلسطین اور لبنان پر اور شام پر اسرائیلی حمایت کرنا کون سا امن ہے؟ پاکستان نے جب انڈیا کی دفاعی قوت کو تباہ کردیا تو بیچ میں آگئے اور کہا میں نے جنگ بندی کروائی ہے جب کہ فلسطین، شام، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملہ کی حمایت کی، یہ کیسے امن کی علامت ہوسکتی ہے؟ امریکی صدر نے ہماری آرمی چیف کو کھانے پر بلایا جس پر پاکستان کے حکمران اتنے خوش ہوئے کہ صدر ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی سفارش کر دی، صدر ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ہے، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات