Live Updates

بلاول بھٹو نے تنخواہوں اور پنشن میں صرف 10 اور 7 فیصد اضافے کو بھی حکومت کا اچھا فیصلہ قرار دے دیا

پیپلز پارٹی کے حکومت کیخلاف بڑھ چڑھ کر بیانات دینے کے بعد بلاول بھٹو کا یوٹرن، بجٹ منظوری کیلئے بھی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان

muhammad ali محمد علی پیر 23 جون 2025 20:33

بلاول بھٹو نے تنخواہوں اور پنشن میں صرف 10 اور 7 فیصد اضافے کو بھی حکومت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) بلاول بھٹو نے تنخواہوں اور پنشن میں صرف 10 اور 7 فیصد اضافے کو بھی حکومت کا اچھا فیصلہ قرار دے دیا، پیپلز پارٹی کے حکومت کیخلاف بڑھ چڑھ کر بیانات دینے کے بعد بلاول بھٹو کا یوٹرن، بجٹ منظوری کیلئے بھی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کیلئے تاریخی ریلیف دیا گیا، اتنا بڑا فیصلہ لینے پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کا مشکور ہوں اور حکومت کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے تنخواہوں میں 10 اور پنشنز میں 7 فیصد اضافہ کیا، کہ چلیں کچھ تو ہوسکا، میری جماعت وفاقی بجٹ کو سپورٹ کرے گی، ملک میں مہنگائی میں اضافہ نہیں ہو رہا جس پر وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ اگلے بجٹ کیلئے ہمارے ساتھ پہلے بیٹھیں گے، اب جنوبی پنجاب کو پی ایس ڈی پی میں ان کا حق دلوایا جائے، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں، وفاقی حکومت دونوں صوبوں کی حکومتوں کی خاص مدد کرے کیوں کہ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے عوام دہشت گرد ی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں لیکن وفاقی بجٹ میں دونوں صوبوں کیلئے اس طرح سے سپورٹ نہیں کی گئی جیسی ہم چاہ رہے تھے۔

سابق وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ہماری پالیسیاں ہی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ رہی ہیں، زراعت میں غیرمعمولی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف کے کندھوں کو استعمال کرکے تمام صوبائی حکومتوں کو مجبور کیا گیا اور زرعی ٹیکس میں بہت جلد بڑا اضافہ کیا گیا، کسان جائیں تو کہاں جائیں؟ اس وقت نقصان ہمیں اپنی پالیسیز کے نتیجے میں ہوا، ہمارا میڈیم اور لانگ ٹرم نقصان ہو رہا ہے جس کیلئے دوبارہ ریویو کرنا پڑے گا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم نے کسانوں کو جواب دینا ہے، اس وقت کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، اس وقت ایگریکلچر ایمرجنسی ڈکلیئر کی جائے، معیشت کو بچانے کیلئے کسانوں کو مل کر ریلیف دینا ہوگا، پاکستان کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کرکے پھر ہم یوکرین سے فصلیں خریدتے ہیں، حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے، اس کے علاوہ حکومت نے سولر پر تقریباً 20 فیصد ٹیکس لگانا تھا، جس پر پیپلزپارٹی کے نمائندوں کے بہت سخت اعتراضات تھے کیوں کہ جن علاقوں سے ہم منتخب ہو کر آئے وہاں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے اس لیے وہاں لوگ مجبوراً سولر کا استعمال کرتے ہیں، ہمارے احتجاج پر حکومت نے سولر پر لگائے ٹیکس کو 10 فیصد کردیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات