Live Updates

ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پی آئی اے نے خلیج کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کردیا

کراچی،لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف ائیرپورٹ سے 55 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی،شارجہ سے پشاور، دبئی اورابوظبی کیلئے 5 پروازیں منسوخ ہوئیں، لاہور سے دمام کی پرواز بھی تاخیرکا شکار ہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 24 جون 2025 11:35

ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پی آئی اے نے خلیج کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ..
کراچی،لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون 2025)ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پی آئی اے نے خلیج کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کردیا،کراچی،لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف ائیرپورٹ سے 55 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی،شارجہ سے پشاور، دبئی اورابوظبی کیلئے 5 پروازیں منسوخ ہوئیں، قومی ائیرلائن کی لاہور سے مدینہ کی پرواز 13 گھنٹے تاخیرکاشکار ہوئی جب کہ لاہور سے دمام کی پرواز بھی تاخیرکا شکار ہے۔

قومی ائیر لائن کی کراچی سے جدہ، دوحہ اوراستنبول کیلئے آٹھ پروازیں منسوخ ہوئیں۔اسلام آباد سے دبئی کے لیے قومی ائیرلائن کی پرواز15 گھنٹے تاخیر کاشکار ہوئی، بحرین سے اسلام اباد کی 2 پروازوں میں 4 گھنٹے سے زائدکی تاخیر ہوئی۔ کراچی سے دبئی کیلئے غیر ملکی ائیرلائن کی 2 پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ لاہور سے شارجہ، مسقط اورریاض کیلئے 5 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

(جاری ہے)

پی آ ئی اے کی لاہور سے مدینہ کی پرواز 13 گھنٹے تاخیرکاشکار ہوئی جب کہ لاہور سے دمام کی پرواز بھی تاخیرکا شکار ہے۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے والی پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کا غیر معمولی رش لگ گیا۔دوسری جانب اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک جانے والی پروازوں کی منسوخی کے حوالے سے کراچی ایئرپورٹ پر دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور دوحہ جانے والے مسافر پریشانی کا شکار ہیں۔

اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے رش میں اضافہ ہوا، کراچی ایئرپورٹ پر غیرمعمولی رش کی وجہ سے سینکڑوں مسافر پریشانی میں مبتلا ہیں۔ذرائع کے مطابق پروازوں کی روانگی سے متعلق مسافروں کو بروقت آگاہ نہیں کیا گیا، قطر کی فضائی حدود کی بندش سے دوحہ سے پاکستان آنے والے مسافر بھی پھنس گئے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مختلف ممالک سے کنٹنگ پروازوں کے ذریعے پاکستان آنے والے کئی مسافر دوحہ ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ قطر کی فضائی حدود کی بندش کے باعث دوحہ ایئرپورٹ پر بھی متعدد پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے عراق اور قطر میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک کیلئے پروازیں معطل کردیں تھیں۔پی ائی اے نے حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کردیا تھا۔ پی آئی اے کے مطابق پروازوں کے شیڈول کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا تھا۔ حالات معمول میں آنے کے بعد پی ائی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات