تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی ترقی اور سیاسی استحکام کیلئے کردار ادا کرنا چاہئی: سردارسلیم حیدر

منگل 24 جون 2025 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ملک میں قیام امن اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی ترقی اور سیاسی استحکام کے لئے ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کرنا چاہئے۔ وہ راولپنڈی اسلام آباد سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرز کے وفد سے خطاب کر رہے تھے۔

گورنر سلیم حیدر نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی تعریف کرتے ہوئے انہیں واحد لیڈر قرار دیا جنہوں نے مسلسل اور جرأت مندی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی پلیٹ فارمز پر چیلنج کیا۔ گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کی قیادت میں بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورم پر سفارتی طور پر پاکستان کے مفادات کا دفاع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور سینئر رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اندرونی اختلافات دور کریں اور عوام کی خدمت کے اپنے مشن میں متحد رہیں۔ انہوں نے پارٹی کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری عوام کے مینڈیٹ سے پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ نواز کی اتحادی ہے لیکن پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس کی وراثت بے مثال قربانیوں کی حامل ہے، اس نے پارٹی کے کارکنوں کی حمایت کرتے ہوئے ملک کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ کارکن کو خود کو تنہا محسوس نہیں کرنا چاہئے۔ اگر کسی کے ساتھ ظلم ہوا یا نشانہ بنایا گیا تو میں ذاتی طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔