Live Updates

حضرو۔ ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد کی وزیر اعظم سے ملاقات ،سفارتی کامیابی پر مبارکباد دی

بدھ 25 جون 2025 17:47

حضرو۔ ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد  کی وزیر اعظم سے ملاقات ،سفارتی ..
حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی ، ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد نے بھارت کے خلاف بہترین حکمتِ عملی، شاندار سفارتکاری اور دن رات کی محنت سے پاکستان کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کے سفر پر گامزن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جب حملہ کیا تھا اس وقت پوری قوم حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی جس طرح پاک فوج نے ہندوستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا اس سے پوری دنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوا۔

جنگ کے دوران وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے جس جرات اور بہادری سے فیصلے کیے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی کامیابی میں بھی موجودہ حکومت اور بلاول بھٹو کا کردار سب سے نمایاں ہے، جس طرح انہوں نے دنیا کے بڑے ممالک میں پاکستان کی سفارتی جنگ لڑی اس سے قوم کے حوصلے بلند ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پاکستان بہت جلد بحرانوں سے نکل آئے گا اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوم حکومت پاکستان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ چلے ۔

شیخ افتاب احمدنے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا اب میاں محمد شہباز شریف معاشی دھماکہ کر کے پاکستان کو پاکستان کی معیشت کو آگے لے جائیں گے، شیخ افتاب احمد نے جنرل عاصم منیر کی بھی خدمات کو سرا ہاور کہا کہ جنگ کے دوران جو کردار پاک فوج نے ادا کیا اس پر جنرل عاصم منیر سمیت پوری پاکستانی فوج مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کیے آئندہ بھی جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا حکومت وہی فیصلے کرے گی۔\378
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات