عالمی منظرنامہ تبدیل ،پاکستان ، ایران ، چین ،روس کے کردار کی اہمیت اور بڑھ چکی ہے‘ اختر اقبال ڈار

امریکہ ایران سے پابندیا ں نہیں اٹھا تا تو پھر پاکستان کو اپنے فیصلے خود کرتے ہوئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کرنا چاہئے

جمعہ 27 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل اور غزہ جنگ ،پاک بھارت جنگ ،ایران اسرائیل امریکہ جنگ کے بعد عالمی منظر نامہ بد ل چکا ہے ،گریٹر اسرائیل اور نیو ورلڈ آرڈر کے خواب چکنا چور ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سفارتی دبائو ،اقتصادی پابندیاں ،جاسوسیاں ،در اندازیاں دہشت گردی کروانے والے اور حکومتیں بنانے گرانے والے سیاہ سفید کے مالک بننے کے خواہاں رسوا ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایران نے شرک کی نفی کرتے ہوئے صرف و صرف اللہ پر یقین رکھتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے لہٰذا اس موجودہ صورتحال میں چین ،روس ،پاکستان ،ایران کے کردار کی اہمیت اور بڑھ چکی ہے اب ان سب کو دنیا میں امن وسلامتی کیلئے مل بیٹھ کر فیصلے کرنے ہوں گے ۔اختر ڈار نے کہاکہ نیٹو سربراہی کانفرنس میں ٹرمپ کی طرف سے ایران سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ خوش آئند ہے ،اگر اس کے باوجود بھی امریکہ ایران سے پابندیا ں نہیں اٹھا تا تو پھر پاکستان کو اپنے فیصلے خود کرتے ہوئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کرنا چاہئے کیونکہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں معاشی انقلاب برپا ہو سکتا ہے اور پاکستانی عوام کو تیل گیس بجلی سستی مل سکتی ہے۔