ْسپریم کورٹ کا فیصلہ ،قومی اسمبلی کی 22،صوبائی اسمبلیوں کی 55نشستیں حکومتی اتحاد کو مل گئیں

جمعہ 27 جون 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)مخصوص نشستوں بارے آئینی بینچ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کی 22اور صوبائی اسمبلیوں کی 55نشستیں حکومتی اتحاد کو مل گئیں۔سپریم کورٹ فیصلے کے بعدقومی اسمبلی کی 22مخصوص نشستیں میں 19خواتین اور 3اقلیتی ہیں،قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)اور جے یو آئی ہی 10 مخصوص نشستوں کی تقسیم کی امیدوار ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی 27مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد کو ملیں گی۔ مخصوص نشستوں میں 24خواتین اور 3اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ن لیگ کو خواتین کی 21، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور (ق )لیگ کو ایک ایک نشست ملے گی۔ (ن) لیگ کو 2اقلیتی نشستیں اور پیپلزپارٹی کو ایک نشست ملے گی۔نشستیں ملنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں (ن) لیگ کے 23اور پیپلز پارٹی کے 2ووٹ بڑھ جائیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ق )اور استحکام پاکستان پارٹی کا ایک ایک ووٹ بڑھے گا۔اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)اور جمعیت علما اسلام 7،7نشستوں کے ساتھ سب سے زیادہ فائدے میں رہیں گی جبکہ مزید ایک اضافی خواتین کی نشست بھی ان ہی دونوں جماعتوں سے کسی کو ایک ملے گی جس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔فیصلے کے بعد صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستیں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی ف، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی کو ملیں گی، اسمبلی میں خالی مخصوص نشستوں کی تعداد 25 ہے، 21خواتین اور 4اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ہیں، ایوان میں مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی ف کے سات، سات منتخب اراکین ہیں، پیپلز پارٹی کے 4اور اے این پی و پی ٹی آئی پی کے 2،2 منتخب اراکین ہیں۔

سندھ اسمبلی میں خواتین کی 2 جبکہ ایک اقلیتی نشست شامل ہے جو حکمران اتحاد کو ملیں گی۔