Live Updates

کشمیری اور فلسطینی ہر قیمت پر اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے،زاہد صفی

پیر 30 جون 2025 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے کہاہے کہ بھارت اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے شکار کشمیری اور فلسطینی اپنی جہدوجہد اور قربانیوں کی وہ تابندہ تاریخ رقم کررہے ہیں جسے اسلاف کی یاد تازہ ہوتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زاہد صفی نے لاہور میں مولانا ظفر علی خان فائونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ''فرینڈز آف فلسطین''کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا یہ عزم ہے کہ وہ ہر قیمت پر اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رواں سال مئی میں جس طرح پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو بہانہ بنا کر پاکستان پر جنگ مسلط کی بالکل اسی طرح اسرائیل نے بھی تمام عالمی قوانین اور ضوابط کو پامال کرتے ہوئے ایران پر حملہ کیا اور ہزاروں معصوم انسانوں کو شہید کیا۔

(جاری ہے)

خدا کا شکر ہے کہ پاکستان اور ایران نے ان دونوں دہشتگرد ریاستوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا اور انہیں ایسی شکست دی کہ اب وہ کوئی بھی حماقت کرنے سے پہلے سو بار سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی اور نیتن یاہو ایسے خونخوار دہشتگرد ہیں جنہوں نے کشمیر سے فلسطین تک لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا ہے اور اب بھی یہ پوری دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کے لئے ہر وقت بیتاب رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگران ہندوتوا اور صیہونی جنگی عزائم کو لگام نہ دی گئی تو عنقریب دنیا تیسری عالمگیر جنگ کی تباہی کا خمیازہ بھگتے گی اور کروڑوں انسان ان دہشت گرد ریاستوں کے جنگی جنون کی نظر ہوجائیں گے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات