ابراہم اکارڈ سے متعلق دبائو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے،جواب تب دینگے جب اس کا حصہ بننے کا کہا جائیگا‘ خواجہ آصف

فلسطین والے قیامت کے روز شکایت کریں گے ،ڈیڑھ ارب مسلمانوں نے قیامت کے روز حساب دینا ہے ،یہ معاف نہیں ہوگا ابھارت کی جانب سے دوبارہ حملے کا امکان ہے لیکن مودی کو اندر سے بھی اب سپورٹ حاصل نہیں ، بات چیت کیلئے تیار ہیں‘ انٹر ویو

منگل 1 جولائی 2025 15:36

ابراہم اکارڈ سے متعلق دبائو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے،جواب تب دینگے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ابراہم اکارڈ سے متعلق دبائو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے،اس معاملے پر مشاورت بھی ہو رہی ہے ، اس پر جواب تب دیں گے جب ہمیں اس اکارڈ کا حصہ بننے کا کہا جائے گا، فلسطین کے لوگ جس طرح ظلم سہ رہے ہیں لیکن سر نہیں جھکا رہے ہیں ، مسلم دنیا کا اللہ حساب لے گا، ڈیڑھ ارب مسلمانوں نے قیامت کے روز حساب دینا ہے ، فلسطین والے قیامت کے روز شکایت کریں گے اور ہم جواب دیں گے ، یہ معاف نہیں ہوگا، یہ اجتماعی گناہ ہے ،مشرقی ممالک میں لوگوں کا ضمیر جاگا ہواہے ، لیکن مسلمان دنیا میں ہو کا عالم ہے،بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان پر حملے کا امکان ہے لیکن میرا خیال ہے کہ مودی کو اندر سے بھی اب سپورٹ حاصل نہیں ، ہم امن چاہتے ہیں،بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے گرائے جو کہ فخر کی بات ہے ، اللہ کا شکر ہے کہ ہم اس وقت سر اٹھا کر دنیا میں چل رہے ہیں، مودی اور اس کے ساتھیوں کا تکبر مٹی میں ملا ہے ، ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہمارے سائبر واریئرز نے کمال کے کارنامے دکھائے ہیں، ہمارے میڈیا نے بہت شاندا ر رپورٹنگ کی جبکہ بھارتی میڈیا میں سرکس اور نوٹنکی ہو رہی تھی۔

جس طرح آئی ایس پی آر نے فرنٹ پر لیڈ کیاہے انہوں نے بہت ہی شاندار کام کیا ، یہ ہماری تاریخ کا سنہرا لمحہ تھا جسے آنے والی نسل یاد رکھے گی ، ایس سی او میں بھی چین کے دفاعی وزیر سے با ت چیت ہوئی ہے ، چینی ہمارے بہت اچھے دوست ہیں، جس طرح چین نے 70 سالوں میں ہمارا ساتھ دیاہے ، جہاں بھی ہمیں ضرورت پڑی ہے ، وہ ہمارے ساتھ ستون کی طرح کھڑے ہوئے، بڑے بڑے ملک بھارت کیخلاف فتح پر مبارک دے رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے ،ہمارے پاس ثبوت ہیں، ایس سی اواجلاس کے موقع پربھارتی وزیر دفاع سے بات نہیں ہوئی، بھارتی وزیر دفاع نے میری تقریر کے بعد وقت مانگا، ایس سی او کی روایت نہیں ہے دوبارہ تقریر کیلئے وقت دینا ، بھارت کو اجازت نہیں ملی، ہماری ٹیم مجھے تقریر کے دوران بھی چیزیں بتا رہی تھی، ہماری سفارتی ٹیم بہت ہی شاندار ہے ، پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات پر متعدد ممالک نے ہمارے موقف کی تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان پر حملے کا امکان ہے لیکن میرا خیال ہے کہ مودی کو اندر سے بھی اب سپورٹ حاصل نہیں ہے ، بھارت کی سیاسی جماعتوں اور دانشور حقیقت عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں کہ مودی جھوٹ بول رہاہے ، مودی نے جو بیانیہ اپنایا اس سے اسے بہت نقصان پہنچا ہے ، ہم امن چاہتے ہیں،بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا موقف یہی ہے کہ بھارت نے اگر پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر اور پانی کا ایشو بات چیت سے حل ہونا چاہیے، ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان نے ایران کا ساتھ دیا، بھارت کو ایران میں اب اتنی پذیرائی نہیں ملے گی، اس وقت سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے، عالمی اکنامک فورمز پر امریکہ پاکستان کو سپورٹ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موجود صورتحال میں ہم کھیل کا حصہ اور کھلاڑی ہیں، موجودہ صورتحال میںاگر ہم تماشائی بنے اور کھلاڑی نہ بنے تو اس کا نقصان ہوگا ، امریکہ کی کسی ایسی پالیسی کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا ہمیں نقصان ہو، ابراہم اکارڈ سے متعلق دباو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے ، ، اس معاملے پر مشاورت بھی ہو رہی ہے ،اس پر جواب تب دیں گے جب ہمیں کہا جائے گا کہ اس اکارڈ کا حصہ بنیں ۔