Live Updates

بجٹ میں منظور ہونے والے منصوبوں کی تکمیل سے سریاب کی تقدیر بدل جائے گی، حاجی علی مدد جتک

پیر 7 جولائی 2025 16:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں منظور ہونے والے ریکارڈ منصوبوں کی تکمیل سے سریاب کی تقدیر بدل جائے گی ۔ ماضی میں منتخب نمائندوں نے سریاب کی تعمیر و ترقی خوشحالی کے لیے کوئی دلچسپی نہیں لی جس کی وجہ سے سریاب میں لنک سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔

کمزور اور ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سے نکاسی آب کے لیے لوگوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالکریم ڈومکی ، پی ایس مہر اللہ زہری اور محمد یوسف بنگلزئی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے لئے تمام سڑکوں کی تعمیر و ، شیخ زید ہسپتال و ٹراما سینٹر میں مکمل سولر سسٹم نصب کیا جائے گا ۔

تاکہ ایمر جنسی میں 24 گھنٹے میں بجلی مہیا ہو ۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 10 ٹیوب ویل منظور کئے ہیں جن سے حلقہ انتخاب میں واٹر سپلائی کے ذریعے لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا اور لوگ ٹینکر مافیا سے چھٹکارا حاصل کریں گے ۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ سریاب کے 10 سکولوں کو اپ گریڈ کرکے ان کی بلڈنگ میں توسیع کی منظور ی دی گئی ہے جس سے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو درس و تدریس میں آسانیاں پیدا ہوں گی ۔

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی دلچسپی سے بلوچستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے حالیہ بجٹ میں ہزاروں کی تعداد میں آسامیاں رکھی گئی ہیں جن پر بہت جلد بھرتی کا عمل شروع ہو گا ۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں قیام امن کے لئے ٹھوس اور جامع اقدامات کر رہی ہے ۔

صوبے کے حالات آہستہ آہستہ بہتر ہو رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر شکست کھانے کے بعد بلوچستان کے حالات کو خرب کرنے کی کوشش کر رہی ہے مگر ہمارے سکیورٹی ادارے ،پولیس فوج اور خفیہ ایجنسیاں انشاء اللہ دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیں گے ۔ انشاء اللہ تعالیٰ بہت جلد یہ صوبہ امن کا گہوارہ بن جائے گا ۔بعد ازاں حاجی علی مدد جتک نے صدر پریس کلب اور دیگر آئے ہوئے مہمانوں کے اعزاز میں شاندار ظہرانہ دیا ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات