فلسطین پر اسرائیلی ظلم ناقابل قبول ہے،ملت اسلامیہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،لیاقت بلوچ

اتوار 13 جولائی 2025 00:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین اور بیت المقدس پر اسرائیل کی بربریت اور ظلم پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے،امریکہ اسرائیل کو تسلیم کرانے کیلئے دنیا بھر میں دبائو ڈال رہا ہے لیکن غزہ میں 60 ہزار شہادتیں امت مسلمہ کو بیدار اور متحد کر رہی ہیں،فلسطین پر اسرائیلی ظلم ناقابل قبول ہے،ملت اسلامیہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر عالم اسلام اتحاد و یکجہتی سے کام لے تو یہ تعصبات اور مغربی سرمایہ دارانہ نظام بھی جلد دم توڑ دے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ملتان میں صحافی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ برصغیر میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے نظریاتی بنیادوں پر پاکستان کا ایجنڈا دیا،آج بھی ملک میں سیاسی استحکام اور خوشحالی کا واحد راستہ اسلامی نظریات سے وابستگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان ہمیشہ سے صحافت کا مرکز رہا ہے، پرنٹ میڈیا کی اہمیت کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی مختصر جنگ نے قوم کو متحد کیا اور سیاست میں نظریے کی طاقت کو دوبارہ زندہ کیا۔نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پھانسیاں دی گئیں مگر حالات پلک جھپکتے بدل گئے، افغانستان کی مثال سب کے سامنے ہے کہ تین سپر پاورز وہاں ناکام ہوئیں، ایران کی حکومت نے شاندار کارکردگی دکھا کر ثابت کر دیا کہ نظریہ جب مضبوط ہو تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں بسوں سے لوگوں کو اتار کر قتل کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم پرستی نہیں بلکہ ظلم اور بربریت ہے،خیبرپختونخوا میں بدامنی کی صورتحال تشویشناک ہے،مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلا کر صوبوں کے حقوق اور وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،سیاسی بحرانوں کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے۔