بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کا یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد، قربانیوں اور غیر متزلزل جذبے کا اعتراف ، زبردست خراج تحسین

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد، قربانیوں اور غیر متزلزل جذبے کا اعتراف کرتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام نے الحاق پاکستان کے حق میں قرارداد منظور کی ،یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جو کشمیر اور پاکستان کے درمیان گہرے جذباتی اور نظریاتی رشتے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ اپنے حقوق کے لیے بہادری سے جدوجہد کی ہے اور جبر کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکمرانی میں شدید ناانصافیوں اور مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری عوام آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کی حمایت کی۔ اس ورثے کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آگے بڑھایا ہے جن کی کامیاب بین الاقوامی مصروفیات نے عالمی فورمز پر کشمیر کی آواز کو بلند کیا ہے۔پی پی پی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی ہمت، لچک اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ یوم الحاق پاکستان کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان لازوال رشتے کی علامت ہے۔