وزیر مملکت بلال کیانی کا شہید حیدر علی حسین کو خراج تحسین، شہید کی یادگار بنانیاور اہل خانہ کی معاونت کا اعلان

اتوار 20 جولائی 2025 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے سیداں والا، جلال پور شریف کا دورہ کیا اور سیلابی ریلے میں لوگوں کی جان بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہید حیدر علی حسین کی قبر پر حاضری دی۔ وزیر مملکت نے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی۔

بلال اظہر کیانی شہید کے گھر بھی گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی۔ وزیر مملکت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے شہید کے والدین سے گفتگو کے دوران شہید کی بے مثال ہمت کی تعریف کی اور بتایا کہ کس طرح حیدر علی حسین نے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچاتے ہوئے شہادت کا اعلیٰ مرتبہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور حکومت اہل خانہ کو شہید پیکج فراہم کرے گی۔ بلال اظہر کیانی نے اعلان کیا کہ شہید کے آبائی گاؤں سیداں والا میں ان کے نام پر ایک یادگار تعمیر کی جائے گی، جبکہ علاقے کے مرکزی چوک کو بھی ان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو بھی وزیر مملکت کے ہمراہ موجود تھے۔