Live Updates

تین سال سے ایمرجنسی چل رہی ہے،26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو ان کے ماتحت کردیا گیا ‘ لطیف کھوسہ

آج کل جو فیصلے ہو رہے ہیں عوام،میڈیا پہلے ہی بتا دیتے ہیں کتنی کتنی سزا ہو رہی ہے،1971 کے سانحہ سے کچھ سبق نہیں سیکھا گیا تاریخ جب بھی لکھی جائے گی آپ کٹہرے میں کھڑے ہوں گے‘ پریس کلب میں انتظا ر پنجوتھہ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

اتوار 20 جولائی 2025 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ تین سال سے ایمرجنسی چل رہی ہے،26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو ان کے ماتحت کردیا گیا ہے ،آج کل جو فیصلے ہو رہے ہیں عوام اورمیڈیا پہلے ہی بتا دیتے ہیں کتنی کتنی سزا ہو رہی ہے،1971 کے سانحہ سے کچھ سبق نہیں سیکھا گیا۔

ایڈوکیٹ انتظار پنجوتھہ اوردیگرکے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جہاں جہاں دل کرتا ہے وہاں وہاں شہروں میں کیسزبنائے جاتے ہیں،ہماری تاریخ نہیں لگ رہی ،عدلیہ کو ہم نے خون پسینہ دیا،26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو ان کے ماتحت کر دیاگیا ہے ۔ا نہوںنے کہا کہ کیا فرق پڑتا کہ ڈاکٹر یاسمین ہسپتال میں ہی رہتیں،اگر انہیں کچھ ہو جاتا ہے ،ڈاکٹر یاسمین کے حوالے سے دکھ کا اظہار کرتا ہوںکہ انہیں ہسپتال سے شفٹ کیا گیا ،اعجاز چودھری سینیٹر ہیں انہیں چیئرمین کے کہنے کے باجود پیش نہیں کیا جارہا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انہوںنے ہماری سیٹیں چھنی ہیں،بد قسمتی سے 1971 کے سانحہ سے بھی کچھ نہیں سیکھا گیا،وہ سانحہ اس لیے ہوا تھا کہ جیتنے والی جماعت کو اقتدار نہیں دیا گیا تھا،180 سیٹیں جیتنے والے کو جیل میں ڈالا ہوا ہے،یہ جبر ہے ،ہم نے وہ حرکت نہیں کی جو مجیب الرحمن نے کی،ہم کسی صورت دھرتی ماں کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے لوگوںکو سزا دی جارہی ہے کہ انہوںنے نواز شریف کے خلاف الیکشن لڑنے کی کوشش کیوں کی ،عوام نے آج بھی عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ساری سروسز عوام کے ملازم ہیں،فوج پر لازم ہے کہ وہ سرحدوں کی حفاظت کرے ،اس کو کوئی اختیار نہیں کہ عوام کو ڈھونڈتے پھریں،جماعتیں بنائیں اور توڑیں،تاریخ جب بھی لکھی جائے گی آپ کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ عدالتوں سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں،جو نااہلی کے مطابق کام کرے گا اس کا جواب دینا ہوگا ،مولوی مشتاق نے بھٹو کو جو پھانسی دی تھی اس کا بھی یہاں حال دیکھا گیا ،جج انصاف کریں اللہ کی رسی کو تھامیں۔

انہوںنے کہاکہ بھٹو نے بھی مراسلہ ہلایا تھا ، انہیں کہا گیا تھا کہ بھٹو تم بم بنانے سے باز آ جائو ،بھٹو کو جیل بھجوایا گیا انہیں پھانسی دی گئی ،45 سال بعد کہتے ہیں بھٹو کا مس ٹرائل ہوا،اسی طرح بے نظیر بھٹو کے معاملے میںہوا۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو بھی توہین عدالت کا نوٹس دیا ہوا ہے،چیف جسٹس ہائیکورٹ سے ادب کے ساتھ کہتا ہوں اس کو بھی انصاف کے تقاضوں کے مطابق سنیں،اگر پیچھے سے فیصلہ ہو جاتا ہے تو جو ہم نے رٹ دائر کی ہے اس کا پھر کیا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ پانچ آگست کو عمران خان کی گرفتاری کو دو سال ہو رہے ہیں اور بانی پی ٹی آئی دو سال سے ڈٹے ہوئے ہیں،ان کے بچوں ،اہلیہ اور بہنوں کو ملنے نہیںدیا جاتا ،یہ کہتے تھے بانی دو دن جیل میں نہیں گزار سکتا،بچہ بچہ جانتا ہے موجودہ حکمران چور ہیں۔انتظار پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمارے حقوق کا تحفظ کیا جائے ہمیں انصاف دیا جائے،،جھوٹے گواہوں کو بتانا چاہتا ہوں ہم قانونی کارروائی ان کے خلاف کریں گے،ہم آپ کو مثال بنائیں گے کہ آپ نے کس طرح جھوٹی گواہی دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات