Live Updates

اپوزیشن کاقائد حزب اختلاف کو انسداد دہشتگردی عدالت سے سزا کیخلاف ایوان میں شدید احتجاج ،واک آئوٹ کیا

سزا کیلئے دو ججز تبدیل کئے گئے،پاکستان کے عوام ان فیصلوںکو نہیں مانتے ،حکومتی اراکین سزا کیخلاف ساتھ کھڑے ہوں‘معین قریشی قائد حزب اختلاف کو ملنے والی سزا پر افسوس ہے ،ہم انہیں کہتے ہیں عدالتوں کا سامنا کریں‘ چیف وہپ رانا ارشد کی ایوان میں گفتگو اجلا س کے دوران کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہ تھا، کورم پورا نہ ہونے پر پینل آف چیئر پرسن نے اجلاس 28جولائی تک ملتوی کر دیا

جمعہ 25 جولائی 2025 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر کو انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سزا کے خلاف پنجاب اسمبلی کے ایوان میں شدید احتجاج اور واک آئوٹ کر کے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ، اجلا س کے دوران کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہ تھا، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پیر 28جولائی تک ملتوی کر دیا گیا ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائی1گھنٹہ 39منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین غلام رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پر ڈپٹی قائد حزب اختلاف معین قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ہر ممبر کا سر شرم سے جھکا ہوا ہے ،اس ملک میں فسطائیت و بربریت کا راج ہے،بانی پی ٹی آئی جو عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور رہیں گے آج وہ ڈیتھ سیل میں قید ہیں،ان کی اہلیہ بغیر جرم کے سزا کاٹ رہی ہے،ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا ،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو وضو کیلئے گندا پانی دیا جارہا ہے،اس ہفتہ لاقانونیت کی ایک اور نئی داستان لکھی گئی، پنجاب کی بارہ کروڑ عوام کے صوبہ کے قائد حزب اختلاف کو دس سال کی سزا دی گئی، حکومتی بنچوں سے بھی کہوں گا سزا پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں،فیصلہ نے قانون سیاست انصاف سب کو دفن کردیا ہے، احمد خان بھچر کے خلاف ایف آئی آر میں ضمنی طور پر نام ڈالا گیا ،سزا کیلئے دو ججز تبدیل کئے گئے،پاکستان کے عوام ان فیصلوںکو نہیں مانتے بلکہ اس کی مذمت کرتے ہیں،احمد خان بھچر کو سزا اس لیے دی گئی کیونکہ وہ بارہ کروڑ عوام کے صوبے ترجمانی کر رہے تھے ،عوامی مسائل پر آواز بلند کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشوںاور سیلاب سے تین سو جانیں ضائع ہوئیں حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ،بس انہیں ہمیں پکڑنا اور مقدمات درج کروانے ہیں،سب کو پتہ ہے ہم عمران خان کی وجہ سے اسمبلیوں میں آئے ان کے ویژن کے ساتھ کھڑے رہیں گے،آج عمران خان کے ویژن حق کا علم اپوزیشن نے اٹھایا تو سزاسنا دی ،اگر مجھے بھی سزا دی تومیرے بعد علی امتیاز،شیخ اعجاز،سردار شہباز، راجہ رفعت، حافظ فرحت علم اٹھا لے گا، یاسمین راشد، چوہدری اعجاز جو دل کے مریض ہیں انہیں دس سال کی سزا ہوئی،عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کو دس سال کی سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہے ہمیں سب کو بلا کر کھانے میں زہر دیدیں تاکہ ہمارا خاتمہ ہو جائے ،اپنے ذرائع ضائع نہ کریں ،جھوٹے کیسز و شہادتوں پر لوگوں کو خراب نہ کریں،اپوزیشن ہوگی تو حکومت کی عزت ہوگی۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حالیہ دہشتگردی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران و جوانو ں ، سینئر سیاستدان میاں اظہر اور سیلاب اور بارشوں سے انتقال کر جانے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

اپوزیشن نے ایوان میں احمد خان بھچر کو سنائی گئی سزا کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ۔ اس دوران اپوزیشن اراکین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے بھی نعرے لگائے اور بعد ازاںبائیکاٹ کرکے ایوان سے باہر چلے گئے ۔حکومتی چیف وہپ رانا ارشد نے اپوزیشن کو شر انگیزوں کا ٹولہ قراردیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مجسموں کو آگ لگانے والے کس منہ سے امن کی بات کرتے ہیں، ہمیں بھی نوازشریف کے خلاف آنے والے فیصلوں پر اعتراض تھا لیکن ہم نے کور کمانڈر ہائوس پر حملہ نہیں کیا،ماڈل ٹائون پارٹی دفتر پر پی ٹی آئی نے تین بار حملہ کیا ،کمپیوٹر ،موٹرسائیکل جنریٹر کو آگ لگائی ، ہمیں قائد حزب اختلاف کو ملنے والی سزا پر افسوس ہے ،ہم انہیں کہتے ہیں عدالتوں کا سامنا کریں، یہ لوگ عدالتوں میں جانے کے بجائے مفرور ہو گئے ہیں کسی سزا یافتہ شخص کی تصویر ایوان میں لانے کی اجازت نہیں۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن نے پرورش حیوانات و ڈیری ڈویلپمنٹ کے محکمے سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔اس دوران اپوزیشن ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے دوبارہ ایوان میں واپس آئے گئے۔حکومتی رکن امجد علی جاوید نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹریفک وارڈن نے اسمبلی کے بغیر ہی قانون بنالیا ہے، ابھی تو 97اے کا پنجاب اسمبلی سے نوٹیفکیشن ہی نہیں ہوا اور نہ ہی قانون بنا تو ایک ٹریفک وارڈن نے ایک شہری کاچالان بناکر پکڑ کر حوالات میں بند کردیا،جس نے خود ہی ہائوس کا قانون استعمال کیا ہے اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو اس ہائوس کا جواز ختم ہوجائے گا، قانون بنائے بغیرکوئی غیر قانونی کام کرے تو اس کی سزا آرٹیکل چھ کے برابر ،اے ایس آئی اور وارڈنز کو سزا دی جائے،اگر غیر قانونی کام کو مثال بناکر نہ روکا گیا تو پھر غیر قانونی کام کا راستہ کھل جائے گا،اس معاملے ک کمیٹی کو ریفر کیا جائے تاکہ محکمہ کے لوگ جواب دیں،رولز نہیں بنے اب کہہ دیا ہے 97 کے تحت دو مقدمات درج ہوئے اسے کینسل کر دیا ہے، پینل آف چیئر پرسن غلام رضا نے معاملہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

۔ اپوزیشن پینل آف چیئر پرسن کی جانب سے بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر ایک بار پھر نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کر گئی اوراس موقع پراپوزیشن رکن امتیاز شیخ نے بات نہ سننے پر کورم کی نشاندہی کر دی اور مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کااجلاس 28جولائی بروز پیر دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات