چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل غلام نبی بٹ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی کنوینئر غلام محمد صفی سے اہم ملاقات

منگل 29 جولائی 2025 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) جموں و کشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کے چیئرمین غلام نبی بٹ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینئر غلام محمد صفی سے اہم ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی، انسانی اور عسکری صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہاں جاری بیان کے مطابق کنوینئر غلام محمد صفی نے وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کشمیری عوام کے اس دیرینہ حق خودارادیت کی نمائندہ ہے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے بھی بارہا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے حوالے سے کسی جزوی یا مبہم حل کے قائل نہیں،نہ ہم ہیومیوپیتھک حل کو تسلیم کرتے ہیں، نہ کوئی ایسا فارمولا جو کشمیری عوام کی امنگوں اور بین الاقوامی وعدوں سے ہٹ کر ہو، ہم ایک حتمی، مکمل اور پائیدار حل چاہتے ہیں جس میں کشمیری عوام بطور اصل فریق شامل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر پر دو طرفہ بات چیت کو ناکافی سمجھتی ہے اور سہ فریقی مذاکرات کی مکمل حمایت کرتی ہے جس میں بھارت، پاکستان کے ساتھ ساتھ کشمیری قیادت کو بھی مرکزی حیثیت حاصل ہو۔غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ جب ہم حق خودارادیت کی بات کرتے ہیں تو اس میں کشمیری مسلمان، پنڈت، سکھ، عیسائی اور ڈوگرہ سب شامل ہیں، یہ ایک جامع تحریک ہے جو مذہب، نسل اور زبان سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سفارتی جدوجہد کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف عسکری مزاحمت کا بھی بین الاقوامی قوانین کے تحت حق حاصل ہے۔وفد میں شامل سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، ایڈووکیٹ پرویز احمد (جنرل سیکرٹری) اور مشتاق احمد بٹ (سیکرٹری اطلاعات) نے وفد کی مسئلہ کشمیر کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اگست کے مہینے میں عالمی سطح پر احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں اور جموں و کشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل سے گزارش ہے کہ وہ بھرپور شرکت اور تعاون کریں۔

جموں و کشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کے وفد نے کہا کہ ہم کل جماعتی حریت کانفرنس کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں ،ہم حریت کانفرنس کے تمام سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔وفد نے حریت قائدین کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کریں گے۔ وفد نے عالمی برادری بالخصوص مغربی دنیا کی بے حسی اور خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی طاقتوں کو چاہئے کہ وہ صرف اقتصادی مفادات کو نہ دیکھیں بلکہ مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لئے اپنی قانونی، اخلاقی اور سیاسی ذمہ داریاں پوری کریں۔

جموں و کشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کے وفد میں شامل شخصیات میں جنرل سیکرٹری راجہ پرویز خان، وائس چیئرمین لعل حسین راجپوت، سیکرٹری مالیات چوہدری شکیل، سیکرٹری نشر و اشاعت سید یوسف ہمدانی، اور ایگزیکٹو ممبران سردار صدیق خان، پروفیسر خواجہ فاروق احمد، اور راجہ امجد یونس شامل تھے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے مسئلہ کشمیر کو اس کے اصل تناظر یعنی حق خودارادیت کے حصول کے تحت اجاگر کرنے پر مکمل اتفاق کیا اور آئندہ مل کر عملی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔