پاکستان ’’آپریشن سندور ‘‘سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 1 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) پاکستان نے بھارتی رہنماؤں کے لوک سبھا میں "آپریشن سندور" کے حوالے سے بے بنیاد اور اشتعال انگیز دعوئوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات حقائق کو مسخ کرنے، جارحیت کو جواز بنانے اور ذاتی مفادات کے لئے تنازعات کو ہوا دینے کی کوشش ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ سفیر شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ 6-7 مئی 2025 کو بھارت نے پہلگام حملے کے بارے میں کوئی قابل تصدیق ثبوت یا معتبر تحقیقات کے بغیر ہی پاکستان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بے گناہ مرد، خواتین اور بچوں کی شہادتیں ہوئیں اور بھارت اپنے کسی بھی فوجی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا جبکہ پاکستان نے بھارتی جنگی طیاروں اور فوجی اہداف کو ناکارہ بنانے میں واضح کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ اپنی فوجی نقصانات اعتراف کریں اور سیز فائر میں تیسرے فریق کے کردار کو تسلیم کریں، پہلگام حملے کی آزادانہ تحقیقات کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کے وزیر اعظم کی جانب سے پیشکش اور آزادانہ تحقیقات کے موقع کو مسترد کر تے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، اب "آپریشن مہادیو" کے نام پر کیا گیا دعویٰ ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔

بھارت کی جانب سے "نئے معمول" کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں سختی سے جواب دیا جائے گا، ہمارے لئے تعلقات کا واحد معمول خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ہے۔ آبی معاہدے کی بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت فوری طور پر معاہدے سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔

وزیر خارجہ کے امریکہ کے دورے کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 20-28 جولائی 2025 تک امریکہ کا دورہ کیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی زیر صدارت پاکستان نے تنازعات کے پرامن حل اور او آئی سی کے ساتھ تعاون پر کامیاب اجلاس منعقد کئے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان نے امریکہ کی پاک- بھارت جنگ بندی میں معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ فلسطین کانفرنس میں شرکت کی اور دو ریاستی حل کے لئے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان نے فلسطینی عوام کے حق میں موقف پیش کیا۔ ترجمان نے ایرانی صدر کے پاکستان کے دورہ کے حوالے سے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان 2-3 اگست 2025 کو پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے۔

اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے نئی ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی سے لانچ کردیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، زراعت، ماحولیات اور آفات کے انتظام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترجمان نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتاہے۔

ایران-امریکہ ثالثی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے، غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کا انخلاء کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط ہیں جو کسی بیرونی بیان سے متاثر نہیں ہوتے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کے لئے پرعزم ہے۔