کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل، 5 اگست کو یومِ استحصال کشمیر اور یومِ سیاہ منایا جائے گا

اتوار 3 اگست 2025 16:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 5اگست کو” یوم استحصال کشمیر اور یوم سیاہ“ کے طور پر منانے کی اپیل کا اعادہ کیا ہے تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ بھارت نے علاقے پر بدستور غیر قانونی طورپر قبضہ کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے جبری قبضے کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت حاصل نہیں کرلیتے۔

انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو دفعہ370اور 35-Aکی منسوخی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی منصوبے اورجبری قبضے کو مسترد کرنے کے لیے 5اگست کومکمل ہڑتال کریں۔حریت رہنمائوں فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی، فاروق احمد، شبیر احمداور حفیظہ نے اپنے بیانات میں 5اگست کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹرکے منافی اور کشمیری عوام کے ساتھ دھوکہ دہی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے 2019میں اس دن کشمیریوں کی خودمختاری اور شناخت پر براہ راست حملہ کر کے کشمیر کی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب رقم کیا۔دریں اثناءسرینگر سمیت مختلف علاقوں میں نظر بند حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان پوسٹروں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی اگست 2019سے پہلے کی حیثیت کی بحالی، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیاگیا ہے۔

بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد کی کہریبل جیل میں ایک کشمیری نوجوان منظور احمد کو دوران حراست شدید تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا ۔ زیر سماعت قیدی تین بہنوں کا اکلوتا بھائی اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا جسے تین دن کے وحشیانہ تشدد کے باوجود بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ اس واقعے سے علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے خبردار کیا ہے کہ بی جے پی کی جابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک خطرناک فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر سے کشمیری عوام وقتی طور پر خاموش تو ہوگئے ہیں لیکن اندرہی اندر لاواپک رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔