پاکستان کی مسلح افواج کامقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

منگل 5 اگست 2025 00:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف نیول سٹاف اور چیف آف ائیر سٹاف پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بہادر اور ریزیلئینٹ عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے ان کی جائز اور جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضہ جس کی خصوصیات میں مسلسل فوجی محاصرہ،انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں اور آبادیاتی انجینئرنگ شامل ہے جوکہ بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ ایک گہری تشویش کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے جابرانہ اقدامات، اس کے جنگجویانہ انداز اور اشتعال انگیز بیان بازی صرف علاقائی عدم استحکام کو بڑھانے اور انسانی مصائب کو دوام بخشنے کا کام کرتے ہیں۔یہ بات واضح طور پر عیاں ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نا ممکن ہے۔پاکستان کی مسلح افواج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے اور آزادی کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے اپنے مستقل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔