کشمیری عوام پر مسلسل جبر سے بھی بھارت کو مطلوبہ نتائج نہیں ملے ،اس نے سیاسی و سفارتی ناکامیوں کا بدلہ 5 اگست کے اقدام سے لینے کی کوشش کی،وزیر بلدیات پنجاب

منگل 5 اگست 2025 11:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے جس طرح 1947 کو کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ویسے ہی 5 اگست 2019 کو ایک بار پھر شبخون مارا، یہ حقیقت ہے کہ کشمیری عوام پر جاری مسلسل جبر سے بھی بھارت کو مطلوبہ نتائج نہیں ملے ،اس نے سیاسی اور سفارتی محاذ پر اپنی ناکامی کا بدلہ 5 اگست کے اقدام سے لینے کی کوشش کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری ایک پیغام میں کیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعظم مودی بھارت کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا باعث بنے ہیں، بھارت اپنے مکروہ اقدامات چھپانے کے لئے اب بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ 10 مئی کو آپریشن صندور سے اکھنڈ بھارت کے اپنے ہی خواب کی مانگ اجڑ گئی، فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی زیرقیادت آپریشن بنیان مرصوص نئی داستانیں رقم کر گیا، پاکستانی عوام اور افواج نے متحد ہوکر معرکہ حق میں دشمن کے دانت کھٹے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد سے بھارت عالمی فورمز پر مسلسل رسوا ہو رہا ہے، نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ بیرون ملک سے بھی بھارت کی شکست کی گواہی دی جا رہی ہے،اسے سفارتی محاذ پر تنہا کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر خطے کے لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے،کشمیریوں سے پاکستانی عوام کا تعلق وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہوا ،کشمیری عوام کی جدوجہد 5 اگست جیسے اقدامات سے کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوئی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انشااللہ مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔