حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح پر کشمیری سر فخر سے بلند کر کے چل رہے ہیں، وفاقی وزیر حنیف عباسی کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام

منگل 5 اگست 2025 16:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح پر کشمیری سر فخر سے بلند کر کے چل رہے ہیں،کشمیری پاکستان کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں،آج کا کشمیری جانتا ہے کہ اُس کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،آنے والا وقت کشمیری عوام کے صبر، جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر بن کر طلوع ہوگا،بھارت کی سازشیں اور ظلم و ستم کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو شکست دینے میں ناکام ہو چکی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر حنیف عباسی نے منگل کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 05 اگست 2019 تاریخ کا سیاہ دن تھا جب مودی سرکار نے آئینِ ہند کے آرٹیکل 370 اور 35-A کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت یکطرفہ طور پر ختم کر دی،مودی حکومت کے اس غیر آئینی اقدام نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت پر کھلا وار کیا۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی نے کہا کہ نہ کشمیریوں نے بھارتی اقدام کو تسلیم کیا، نہ پاکستان نے اور نہ ہی دنیا کی باشعور اقوام نے ، کشمیری عوام نے بھارت کے اس غیر قانونی فیصلے کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کا مقدمہ عالمی سطح پر جرات اور ثابت قدمی سے لڑا ہے ۔حنیف عباسی نے کہاکہ الحمدللہ! آج کشمیری، چاہے وہ مقبوضہ کشمیر سے ہوں یا آزاد کشمیر سے، پاکستان سے اپنی وابستگی پر فخر کرتے ہیں،کشمیری عوام پاکستان کی محبت میں سرشار ہیں اور سربلند ہو کر اپنی وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔

کشمیری اپنی پاکستانی شناخت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یاسین ملک جیسے حریت پسند رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، مگر کشمیری قوم کا جذبہ غیر متزلزل ہے،کشمیریوں کے پائے استقامت میں ذرّہ برابر بھی لغزش نہیں آئی،مودی کا وار ناکام ہو چکا ہے،کشمیریوں کا حقِ خودارادیت اب پہلے سے زیادہ قریب ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان شاءاللہ، کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی،آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، ظلم و جبر کی طویل رات اب اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے،“کشمیر بنے گا پاکستان” محض نعرہ نہیں، بلکہ ہمارا ایمان ہے،آنے والی نسلیں اپنے کانوں سے یہ نعرہ پایۂ تکمیل تک پہنچتے سنیں گی ’’کشمیر بنے گا پاکستان!‘‘۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اب دور نہیں ،وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر پاکستان کا ناقابل تقسیم حصہ بنے گا۔