عبدالرشید ترابی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد کی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ سے صوبائی دفتر میں ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہ کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر تکمیل پاکستان کا ایجنڈا نا مکمل ہے کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ان کی قربانیاں و شہادتیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گے اور وادی کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرکے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے،مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہارِ انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں سابق امیر جماعت اسلامی آزاد و جموں کشمیر عبدالرشید ترابی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ وفد میںنذیر قریشی(نمائندہ خصوصی برائے پاکستان مقبوضہ کشمیر جماعت اسلامی)راجہ خالد محمود خان( چیئرمین امور خارجہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر)ثنااللہ ڈار( سیکریٹری جنرل ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز) شامل جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری محمد یوسف، ڈپٹی جنرل سیکریٹری نواب مجاہد لغاری اور معاون خصوصی زاہد حسین راجپر بھی موجود تھے۔

صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ78سال کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا، خصوصی حیثیت ختم کرکے ظلم وجبر کے ذریعے جنت نظیر وادی کو جہنم بنافیا گیا ہے جس پر اقوام متحدہ ،حقوق انسانی کی تنظیموں سمیت عالمی ضمیر کی خاموشی افسوسناک ہے۔پاکستانی قوم نے پانچ اگست کو ملک بھر میں یومِِ یکجہتی کشمیر کا دن بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ مناکر عالمی برادری کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی سامراج کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سمیت جبر اور ظلم کے تمام تر اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی کبھی کریں گے۔

چھ برس قبل،بھارت نے پانچ اگست کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جموں و کشمیر کی جغرافیائی و سیاسی حیثیت کو ختم کر کے اپنے غیر قانونی قبضے کو قانونی جواز دینے کی کوشش کی لیکن آج2195دن گذرنے کے باوجود کشمیر کے جرت مند عوام کے حوصلے بلند ہیں،ملک خصوصاً باب الاسلام سندھ کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو قدر کی نظر سے دیکھتے ہیں اور ہم ہر پرفورم پر ان کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جہاد کشمیر میں جماعت اسلامی کا کردار ناقابل فراموش ہے،بھارتی سامراج اور مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظالمانہ اقدامات تمام تر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے، زبردستی یونین کا حصہ بنانے یا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے جیسے تمام حربے نہ ماضی میں کامیاب ہو سکے اور نہ ہی مستقبل میں کبھی کامیاب ہوں گے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد جذبے، قربانی اور اپنے ناقابلِ تنسیخ حق کے گرد گھومتی ہے،جسے دبانا بھارت کے لئے ناممکن ہے،ایسی ہر کوشش اسے مزید عالمی تنہائی اور اخلاقی گراوٹ کا شکار کردے گی۔