Live Updates

عمران خان کا وزن کم، مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خدشہ پر عدالت میں درخواست دائر

بانی پی ٹی آئی کی مکمل طبی ہسٹری شوکت خانم ہسپتال کے پاس موجود ہے لہٰذا ہسپتال کی طبی ٹیم کو ماہانہ بنیاد پر ان کے معائنے کی اجازت دی جائے؛ اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 14:37

عمران خان کا وزن کم، مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خدشہ پر عدالت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کے جیل میں وزن کم ہونے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خدشہ پر عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے ان کا معمول کا طبی معائنہ ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، جیل اسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جیل میں قید کے دوران عمران خان کا وزن کم ہوا ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی مکمل طبی ہسٹری شوکت خانم ہسپتال کے پاس موجود ہے لہٰذا ہسپتال کی طبی ٹیم کو ماہانہ بنیاد پر ان کے معائنے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نو مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی اپیلیں سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 8 اپیلوں پر سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی اور عمران خان کی لیگل ٹیم کو بھی اس حوالے سے نوٹس بھیج دیا، سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 12 اگست کو عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی بینچ کی سربراہی کریں گے، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب بھی بینچ میں شامل ہیں۔

دوسری طرف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کے روبرو مقرر تھی، جسے عدالت نے ملتوی کردیا، عدالتی عملے نے عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو اس حوالے سے باضابطہ آگاہ کردیا، عدالتی عملے نے کہا کہ کیس کی نئی تاریخ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات