Live Updates

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور جماعتی امور بارے تبادلہ خیال کیا

پیر 11 اگست 2025 18:08

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان  کی زیر صدارت استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ پارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مرکزی صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور پاک فوج کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر بے پناہ پذیرائی ملی ، پاک فوج نے مختصر دورانیے کی جنگ میں دشمن کو شکست فاش دی۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کریں جو ہمارے سکھ کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ معرکہ بنیان مرصوص نے پاکستان کے تشخص کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا اور آج دنیا ہمیں عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پارٹی بننے کے بعد پہلے انتخابات میں 8 اراکین کا منتخب ہونا اہمیت کا حامل ہے،سیاست میں حالات تبدیل ہوتے رہتے ہیں، ہم سب دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور انشاء اللہ پارٹی کو مل کر مضبوط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی نے شاندار عوامی اجتماعات منعقد کئے۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بھی پارٹی رہنماؤں کو موقع پر پہنچ کر متاثرین سے اظہار ہمدردی کرنا چاہئے۔ صدر آئی پی پی نے اجلاس میں انٹرا پارٹی انتخابات اور الیکشن کمیشن کی توثیق پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو مبارکباد دی ، شریک تمام ممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کو بطور پارٹی صدر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے مکمل حمایت اور اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کی جلد تقرری پر بھی مشاورت کی گئی ۔ اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی کے سینٹر ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں لاہور سمیت دیگر اضلاع میں ضمنی انتخابات میں آئی پی پی کا باہمی مشاورت کے ساتھ شرکت کا فیصلہ ہوا اور آئندہ معرکہ حق کنونشن فیصل آباد میں رکھنے کی تجویز پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کے کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھر پور شرکت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیاجس کے لئے پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے 5 رکنی کشمیر کمیٹی بھی قائم کر دی ۔ اجلاس میں وزیر مملکت عون چوہدری، صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، میاں خالد محمود، سید صمصام بخاری، چوہدری نوریز شکور، چوہدری عبدالرئوف، تحسین گردیزی، سید عمر گیلانی، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب، مامون جعفر تارڑ، ہارون عمران گل، چوہدری اخلاق، راجہ یاور کمال، یاسر عرفات، فرخ مانیکا، طاہر ہندلی، ملک نعمان لنگڑیال، چوہدری ظہیر الدین، اجمل چیمہ، چوہدری علی اختر، بریگیڈئر (ر) قیصر ماہے ، اراکین پنجاب اسمبلی سارہ احمد اور سیدہ سمیرا احمد نے شرکت کی جبکہ ایم این ایز منزہ حسن اور گل اصغر بگھور وڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

\932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات