ایران اور عراق کے مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے جانے والے زائرین کو مناسب قیمت پر فضائی ٹکٹ کیلئے متعلقہ ایئر لائنوں سے بات کریں گے، طلال چوہدری

پیر 11 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کے مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے جانے والے زائرین کو مناسب قیمت پر فضائی ٹکٹ کیلئے متعلقہ ایئر لائنوں سے بات کریں گے، اس ضمن میں شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے، اسی لئے یہ عارضی پابندی لگائی گئی ہے، 131 اضافی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

پیر کو قومی اسمبلی میں حمید حسین اور دیگر کے پالیسی میں اچانک تبدیلی کے باعث ایران،عراق اور شام جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات سے متعلقہ توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان سے بڑی تعداد سے زائرین محرم اور اربعین کے درمیان زمینی اور فضائی راستے سے سفر کرتے ہیں،زیادہ سفر زمینی راستے سے ہوتا ہے،زاہدان اور دیگر تاریخی روٹس ہیں،حکومت کا ان کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم اس بار اسرائیل ایران جنگ اور موجودگی صورتحال کی وجہ سے زمین سفر پر پابندی لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ایم ڈبلیو ایم اور دیگر فریقین سے مشاورت ہوئی۔کراچی میں بھی شیعہ علماء کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے بات ہوئی اور سات نکات پر مشتمل اتفاق رائے ہوااوراس پر عملدرآمد شروع کردیا گیا،ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ لانگ مارچ ختم کیا۔وزارت داخلہ نے سمری وزیر اعظم کو ارسال کی ہے جس میں حکومتی اور شیعہ علماء کے علاوہ سالار حضرات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ہوائی سفر کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے ان کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر 131 اضافی پروازیں چلانے کے لئے ایران اور دیگر کی ائیر لائنز کو بھی اجازت دی گئی ہے،ایسے زائرین جو فضائی کرایہ نہیں بھر سکتے انہیں مناسب قیمت پر ٹکٹ کے لئے یہ کمیٹی ائیر لائنز سے رابطہ کرے گی، یہ فیصلہ ہوا ہے کہ 28صفر سے قبل ان زائرین کو کربلا معلیٰ پہنچایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مظاہرین پر ایف آئی آرز کے اندراج کے حوالے سے تفصیل لے کر آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اربعین کے لئے خصوصی پروازوں کا انتظام کررہے ہیں،ان کا دورانیہ بڑھانے کے لئے عراقی حکومت سے بات کریں گے۔کمیٹی مل کر 7 نکاتی پروگرام پر عمل کرائیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ اگر زائرین کی سکیورٹی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تو یہ حکومت کی ناکامی نہیں ہے، وزیر داخلہ نے عراق اور ایران کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بیٹھ کر ویزہ کے حوالہ سے اہم فیصلے کئے ہیں، اس کیلئے عمرہ کی طرز پر ٹورآپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کی خدمات لی جائیں گی۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ ختم ہوچکی ہے،ایران زائرین کا خیرمقدم کرتا ہے،زائرین کو تربت تک سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ ہم راستے روکنے والے نہیں راستے بنانے والے ہیں،حضرت امام حسین بلاشبہ سب کے ہیں،زائرین کے ویزے میں توسیع کرائی جارہی ہے،ہم ممکن بنائیں گے کہ جتنے میں یہ زمینی سفر پر اخراجات کررہے ہیں اتنے ہی میں فضائی سفر کی سہولت یقینی بنائی جائے گی۔