فیلڈ مارشل سے اپیل ہے ڈاکٹرعافیہ کو وطن واپس لانے میں کردارادا کریں: ایس کے مروت

بدھ 13 اگست 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) عافیہ موومنٹ ، سندھ کے صدر ایس کے مروت کی زیرصدارت ہفتہ یوم آزادی کے سلسلے میںنوری چوک،مومن آباد میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں عافیہ موومنٹ پاکستان کے ترجمان محمد ایوب، عافیہ موومنٹ کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل ورہنما سردار ذوالفقار، نادرخان ذمہ دار یوسی 4 مومن آباد ٹائون، محمود خان، عثمان خان، انور خان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عافیہ موومنٹ کے رہنمائوں نے 78ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں سرخرو ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور پوری قوم اور افواج پاکستان کو مبارک باد دی۔تقریب کے اختتام پر پرچم کشائی اور آزدی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس کے مروت نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح نے یوم آزادی کا مزہ دوبالا کردیا ہے، میں سیاسی و عسکری قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور مودبانہ عرض کرتا ہوں کہ آپ نے طاقت صرف انڈیا ہی کو نہیں دکھانی بلکہ امریکہ کے سامنے بھی جرأتمندی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اورڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات میں اس یقین دہانی کے بعد کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کے معاملے سے غفلت نہیں برت رہی ہے، پہلے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا غیرذمہ دارانہ بیان دینا اور بعد میں وضاحت کرنا شرمناک تھا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیرسے اپیل کی کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے میں کردار ادا کریں۔

عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا کہ آزادی نعمت ہے جس کا شکر ادا کیا جانا چاہئے۔ اس سال یوم آزادی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ معرکہ حق میں افواج پاکستان کی شاندار فتح نے قوم کے حوصلے بلند کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ایک غیرتمند قوم ہے۔ ہم بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی ، روزگار، علاج اور تعلیم سے محرومی تو برداشت کر سکتے ہیں مگر بیٹیوں کو بھلانا ممکن نہیں ہے۔

ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لایا جائے کیونکہ یہ ریاست کے نزدیک ہر ہر پاکستانی کی قدرومنزلت کا سوال ہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو بُھولتے نہیں ہیں ، ان کی حفاظت کرتے ہیں۔عافیہ موومنٹ کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کو تحفظ دینے کے وعدے کی بنیادقائم کیا گیا تھا۔ پھر ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں کیوں غفلت برتی جا رہی ہے۔ڈاکٹر عافیہ کی 22 سالہ قید ناحق ظاہرکرتی ہے کہ حکمرانوں نے اس معاملے میں غفلت ہی نہیں بزدلی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ڈاکٹر عافیہ کی واپسی پوری قوم کے دل کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی تک جدوجہدجاری رہے گی۔