Live Updates

عمران خان کو 737 روز سے بلا جواز قیدِ تنہائی میں رکھنا آئین، انصاف اور انسانی حقوق کی توہین ہے، ارسلان خالد

بدھ 13 اگست 2025 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو 737 روز سے بلا جواز قیدِ تنہائی میں رکھنا آئین، قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ جعلی اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات کے ذریعے عمران خان کو ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا ہے، جہاں انہیں عام قیدی کے بھی بنیادی حقوق حاصل نہیں۔

جیل انتظامیہ عدالتی احکامات کے باوجود وکلا، اہل خانہ اور ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی، جس سے ان کی صحت پر سنگین خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کو سخت ترین جیل حالات میں رکھا گیا ہے، وضو اور پینے کا پانی تک گندا فراہم کیا جا رہا ہے، ٹی وی، اخبارات اور کتابوں تک رسائی محدود کر دی گئی تھی، جبکہ عمران خان کو روزانہ 22 گھنٹے چھوٹے سیل میں قید رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

11 ماہ سے ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی بند ہے، جو جان بوجھ کر ان کی صحت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ پنجاب حکومت عمران خان کی صحت اور زندگی کی براہِ راست ذمہ دار ہے۔ارسلان خالد نے توشہ خانہ ٹو کیس کی خفیہ جیل ٹرائل کو انصاف اور شفافیت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ میڈیا، وکلا اور اہل خانہ کو ٹرائل میں شرکت سے روکنا غیر آئینی اور غیر قانونی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا مئی 9 کیسز میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھانا خوش آئند ہے، کیونکہ ضمانت کے مرحلے پر حتمی رائے دینا قانونی دائرہ اختیار سے تجاوز تھا۔مئی 9 کیسز سے متعلق ارسلان خالد نے کہا کہ ان مقدمات میں سیاسی انتقام کی بنیاد پر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کو دس دس سال قید، جبکہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

دو پولیس کانسٹیبلز کی خود ساختہ اور متضاد گواہی پر سنائی گئی یہ سزائیں عدالتی مذاق ہیں۔ شاہ محمود قریشی کی بریت ثابت کرتی ہے کہ یہ مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، جن کا مقصد عمران خان کی آواز دبانا ہے۔انہوں نے بیوروکریسی کی کرپشن پر حکومتی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ بیوروکریٹس اور ان کے سرپرست اشرافیہ کے نام اور ثبوت عوام کے سامنے لائے جائیں۔ ارسلان خالد نے کہا کہ قومی وسائل لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ضروری ہے اور پی ٹی آئی جمہوریت، آئین اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی تک اپنی پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات