معرکہ حق میں تمام پاکستانیوں نے متحد ہو کر نہ صرف روایتی بلکہ ٹیکنالوجی کی جنگ میں بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی، شزہ فاطمہ خواجہ

بدھ 13 اگست 2025 22:05

معرکہ حق میں تمام پاکستانیوں نے متحد ہو کر نہ صرف روایتی بلکہ ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پاکستان کو مضبوط کرنا اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، معرکہ حق میں تمام پاکستانیوں نے متحد ہو کر نہ صرف روایتی بلکہ ٹیکنالوجی کی جنگ میں بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو معرکہ حق اور یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج پاکستان کا 78واں یوم آزادی منا رہے ہیں جس کی پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں قربانیوں کے نتیجہ میں پاکستان 78 سال قبل وجود میں آیا، ہم نے علامہ اقبال کی سوچ اور قائداعظم کی محنت کے نتیجہ میں آزادی حاصل کی، اب ہم آزادی سے بحیثیت قوم اپنی خواہشات پوری کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کئی جنگیں لڑی گئیں اور کئی اتار چڑھائو آئے، آزادی کے بعد بھی لاکھوں لوگوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ہمسایہ ملک کے خلاف جنگوں میں پوری پاکستانی قوم نے قربانیوں کی داستانیں رقم کیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں قابل فخر قوموں میں شامل ہونے کیلئے پوری پاکستانی قوم نے بھرپور محنت کی ہے، 7 سے 10 مئی کو معرکہ حق میں پاکستان نے فتح حاصل کی، ہمیں اس پر فخر ہے، پوری دنیا میں اس معرکہ کے نتیجہ میں ملک کا نام بلند ہوا ہے، پوری دنیا کا رویہ پاکستان کے بارے میں تبدیل ہو چکا ہے، آج کا دن ہمیں اس کا اعتراف کرنا چاہئے، اس پاک۔

بھارت جنگ میں پاکستانیوں نے شہادتیں پائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان نے نہ صرف روایتی جنگ میں کامیابی حاصل کی بلکہ ٹیکنالوجی کی جنگ میں بھی اپنی برتری ثابت کی، سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے نے مل کر سائبر فرنٹ پر جنگ لڑی، بھارت کو ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی برتری کا زعم تھا، ہم ایک قوم ب کر اسے پاش پاش کر دیا، ہم سب نے متحد ہو کر یہ ثابت کر دیا کہ دنیا کی کوئی طاقت کسی بھی شعبہ میں پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی، ہمیں اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ کی کامیابیوں کا قومی سطح پر بھی اعتراف کیا جائے گا، باصلاحیت اور محنتی نوجوانوں کی کامیابیوں پر خوشی ہوتی ہے، ٹیکسوں میں آئی ٹی کے شعبہ کو استثنیٰ دیا گیا ہے، کسی اور صنعت کو یہ استثنیٰ نہیں دیا گیا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران آئی ٹی کے شعبہ نے 19 فیصد ترقی کی، آئی ٹی کے شعبہ میں بیرون ملک سے 3.8 ارب ڈالر پاکستان آئے جس میں فری لانسر کا اہم کردار ہے، اس شعبہ میں ایک سال میں 91 فیصد اضافہ ہوا۔