ہماری اندرونی لڑائیوں نے ہماری قومی کامیابیوں کو گہنا دیا ہے ‘خواجہ سعد رفیق

سیاسی انتقام اور آپسی کی ماردھاڑ کا سلسلہ دراز ہے ،اپنے گریبانوں میں جھانک کر خود شناسی ،خود احتسابی کے عمل سے گزرا جائے آئین ِ پاکستان کو بالا دست رکھنا ہماری آزادی ، خود مختاری ، سلامتی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ‘ سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) و سابق وفاقی وزیر

جمعرات 14 اگست 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام اور آپسی کی ماردھاڑ کا سلسلہ دراز ہے ،ہماری اندرونی لڑائیوں نے ہماری قومی کامیابیوں کو گہنا دیا ہے ، بلوچستان کے بلوچ ایریا اور خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقے بھڑک رہے ہیں ، انکی تپش ہمارے دلوں کو پگھلا رہی ہے ،کشمیری آج بھی بھارت کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں،آئین ِ پاکستان کو بالا دست رکھنا ہماری آزادی ، خود مختاری ، سلامتی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔

انہوںنے ایکس پر اہل وطن کو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی ،معرکہ حق میں تاریخ ساز کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے کشمیری بھائی بہنوں کو یاد رکھا جائے کہ جنکے بغیر پاکستان ہنوز تشنِ تکمیل ہے ۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے مبارک موقع پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مخصوص ایریاز میں دہشت گردی کا شکار عوام کی نجات اور دہشت گردوں سے برسر پیکار سکیورٹی فورسز کی کامیابی کے لئے دعاگو رہنما چاہیے ۔

آج کے اہم دن ہمیں بلوچستان ،گلگت بلتستان ،سندھ ،پنجاب اور آزاد کشمیر کے دور افتادہ علاقوں میں رہنے والوں کی ترقی اور سلامتی کے لئے عزم ِ نو کرنا ہے ، آج کا دن آئین ِ پاکستان ، سماجی ،سیاسی و معاشی انصاف اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے تجدید ِ عہد کا دن ہے ، آج کا دن حصار ِ پاکستان کے تحفظ کے لئے سچ کے ساتھ کلمِ حق کہ دینے کے عزم کا دن ہے ۔

آج کا دن حصول پاکستان کے حقیقی مقاصد سے ہٹنے کے نتیجہ میں ہونے والے عظیم قومی نقصانات کو دوبارہ کبھی نہ ہونے دینے (Never Again )کے عہد کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کے سائے تلے ایک ہو کر وطن عزیز کو مستحکم اور خوشحال بنانے ک لئے نفرتوں ، اناں ، فرقہ واریت ، علاقائی تعصبات اور سب سے بڑھ کر ارتکاز اقتدار کی خواہشات اور سازشوں کے بت توڑنا ہوں گے ، آئیں !اپنے دِلوں کو ٹٹولا جائے اور اپنے گریبانوں میں جھانک کر خود شناسی اور خود احتسابی کے عمل سے گزرا جائے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کو بالا دست رکھنا ہماری آزادی ، خود مختاری ، سلامتی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ، لازم ہے کہ ریاست کے تمام حصے مساوی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں ، انہیں اپنے آئینی حقوق کیل ئے جھگڑے نہ کرنا پڑیں نہ ہی کوئی فریق ریاست سے باھر تانک جھانک کی ضرورت محسوس کرے ، یہ دن اپنے ضمیر کو ٹٹولنے اور گریبان میں جھانکنے کا دن بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بلوچ ایریا اور خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقے بھڑک رہے ہیں ، انکی تپش ہمارے دلوں کو پگھلا رہی ہے ، کشمیری آج بھی بھارت کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں ۔ سیاسی انتقام اور آپسی کی ماردھاڑ کا سلسلہ دراز ہے ، ہماری اندرونی لڑائیوں نے ہماری قومی کامیابیوں کو گہنا دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم ِ آزادی پورے ذوق و شوق سے منائیں لیکن اس موقع پر تکالیف اور مصائب کا شکار اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو یاد رکھا جائے ، آج کا دن پاکستان کی سلامتی استحکام اور بہبودی کیلئے ایک دوسرے کے حقوق کو مان لینے اور متحد ھو کر آگے بڑھنے کے عہد کا دن ہے ۔

خواجہ سعد رفیق نے ایکس پر مزید لکھا کہ کچھ حلقے آج کے دن کو 78واں یوم ِ آزادی کہہ رہے ہیںجبکہ چند ایک اسے 79واں یوم ِ آزادی لکھ رہے ہیں،14اگست 1947ء پہلا یوم آزادی تھا ، اسے گِنا جائے تو آج 79واں یوم ِ آزادی ہی بنتا ہے ،79واں یوم آزادی اور آزادی کی 78ویں سالگرہ ہے ۔