پنجاب میں حلقہ بندیاں ہوتے ہی رواں سال دسمبر تک بلدیاتی انتخابات ہو سکتے ہیں‘ رانا ثناء اللہ

وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں آنے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنی چاہیے ‘وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 اگست 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں حلقہ بندیاں ہوتے ہی رواں سال دسمبر تک بلدیاتی انتخابات ہو سکتے ہیں ، وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا میں آنے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیار ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنی چاہیے ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بطور جماعت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار ہے، پنجاب اسمبلی سے قانون سازی کے فوری بعد حلقہ بندیاں ہوں گی، حلقہ بندیاں ہوتے ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، ہو سکتا ہے کہ رواں سال دسمبر تک صوبے میں بلدیاتی انتخابات ہوں جائیں لیکن حلقہ بندیوں میں کچھ وقت ضرور لگتا ہے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے لئے تینوں امیدوار رانا مشہود، مہر اشتیاق اور حافظ نعمان بہترین سیاسی کارکن ہیں، امید ہے کہ حافظ نعمان بہتر انداز میں الیکشن لڑینگے اور کامیاب بھی ہوں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا میں آنے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیار ہے، شہباز شریف کا ماضی میں ایسی قدرتی آفات والی صورتحال میں ہمیشہ عوام تک بروقت پہنچنے کا ریکارڈ موجود ہے، موجودہ صورتحال میں صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت کا بھرپور تعاون نظر نہیں آ رہا، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنی چاہیے ، صوبہ خیبرپختونخوا کو جس قدر مدد درکار ہو گی، اس سے کہیں زیادہ مدد وفاقی حکومت کی جانب سے انہیں دی جائے گی۔