دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ، خاتمے کے لیے مشترکہ عالمی کوششیں ناگزیر ہیں،سپیکر سردار ایاز صادق

جمعرات 21 اگست 2025 17:09

دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ، خاتمے کے لیے مشترکہ عالمی کوششیں ناگزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) سپیکر سردار ایاز صادق نے دہشتگردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں کو یاد کرنے اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہداء کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں،دہشتگردی سے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مخالف قوتوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد پاکستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں ملوث ہیں،پاکستانی قوم نے جرات، اتحاد اور حوصلے سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان آج بھی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں،قومی ایکشن پلان اور سماجی و اقتصادی اقدامات سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو کمزور کیا گیا،دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام ممالک دہشت گردی کے خلاف متحد ہوں،شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی دنیا کے لیے امتحان ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ فلسطین میں ہزاروں افراد اسرائیلی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں،اقوامِ عالم فلسطین اور کشمیر میں دہشتگردی کو روکنے میں کردار ادا کرے۔