Live Updates

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کاالرٹ جاری

جمعہ 22 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں لینڈ سلائیڈنگ سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کاالرٹ جاری کیاہے اور کہا ہےکہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ سیاح ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

جمعہ کو این ڈی ایم اے سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کے این ای او سی 23 تا 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال، بارشوں ا ور ممکنہ سیلابی صورت پر الرٹ جاری کر دیا،این ای او سی کے مطابق پاکستان میں تین بارش برسانے والے موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں جس کے زیر اثر 23 تا30 اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

23 تا 25 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم،میانوالی،، خوشاب، سرگودھا،سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشیں متوقع ہے۔

لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، تلہ گنگ اور چکوال میں سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں بہاؤ تیز ہونے کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا میں 23تا27 اگست تک ممکنہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔صوابی، مردان،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ، نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں ممکنہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ ہے۔

23تا27 اگست کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گانچھے اور شگر میں شدید بارش کا امکان پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ، سیلابی صورتحال متوقع ہے۔سندھ کے ساحلی اضلاع بشمول کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں 27 تا30 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔سندھ میں حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیرآباد میں بھی بارشیں متوقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، خضدار، آواران، قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں طوفانی ہواؤں سمیت موسلادھار بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں 24 تا 25 اور 27 تا 30 اگست وقفہ وقفہ سے بارشیں متوقع ہے۔ڈیرہ مراد جمالی، استامحمد، ڈیرہ بگٹی، آواران، لسبیلہباکھان، نصیر آباد، کیچ اورلہری میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ڈیموں میں مزید پانی کی گنجائش نہ ہونے کے باعث دریاؤں کے پانی کے اضافہ متوقع ہے ،دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5لاکھ کیوسک تک متوقع ہے، دریائے راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو حکام سے رابطہ کریں۔

متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ سیاح حضرات سے التماس ہے کہ ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات