Live Updates

جناح ہاؤس حملے کے روز شاہ ریز چترال میں تھا، اہل خانہ اور دوستوں نے تصویر شیئر کردی

وہ 6 مئی سے 12 مئی تک چترال کے دورے پر تھا، اس کے دوست 10 مئی کو لاہور واپس آئے لیکن وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وہیں رہے جن کا تعلق چترال سے ہے؛ دوستوں اور اہل خانہ کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 اگست 2025 14:07

جناح ہاؤس حملے کے روز شاہ ریز چترال میں تھا، اہل خانہ اور دوستوں نے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کے دوستوں اور اہل خانہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ ریز جناح ہاؤس حملے کے روز چترال میں تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے جمعرات کی رات جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ان کے بیٹے شاہ ریز خان کو 9 مئی کو ہونے والے ہنگامہ آرائی کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا، شاہ ریز کو رات گئے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ان کی بیوی اور بچوں کے سامنے ان کی رہائش گاہ سے اٹھایا گیا۔

پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہ ریز کو 9 مئی 2023ء کو جناح ہاؤس کی توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم کو جمعہ کی صبح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے اسے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دی کرنٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ شاہ ریز کے دوست اور اہل خانہ جو اس سفر میں ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ جس دن حکام نے دعویٰ کیا کہ شاہ ریز نے لاہور کے کور کمانڈر کی رہائش گاہ جناح ہاؤس پر حملہ کیا تھا اس دن تو شاہ ریز لاہور میں ہی نہیں تھا بلکہ شاہ ریز دوستوں اور فیملی ٹرپ پر چترال میں تھا، وہ 6 مئی سے 12 مئی تک چترال کے دورے پر تھا، اس کے دوست 10 مئی کو لاہور واپس آئے لیکن وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وہیں رہے جن کا تعلق چترال سے ہے، شاہ ریز کے دوستوں اور اہل خانہ نے اس سفر کی تصاویر اور ویڈیوز کے میٹا ڈیٹا کے ساتھ ساتھ ٹائم اسٹیمپ کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات بھی شیئر کیے جن کی آزادانہ ذرائع سے بھی تصدیق ہوئی۔

علیمہ خان کے بیٹے کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ میرے شوہر شاہ ریز خان 9 مئی کے جناح ہاؤس لاہور میں ہونے والے احتجاج کا حصہ نہیں تھے بلکہ وہ تو لاہور میں بھی نہیں تھے کیوں کہ ہم لاہور سے 750 کلومیٹر دور اپنے ایک درجن دوستوں اور بچوں کے ساتھ چترال میں اپنے خاندانی گھر تھے، اس حوالے سے وقت کی تصدیق کے ساتھ لی گئی یہ تصویر 9 مئی 2023ء کی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات