Live Updates

اقتدار کے لئے اسٹیبلشمنٹ کی نوکری چاکری نہیں کی، لیاقت بلوچ

جمعرات 28 اگست 2025 22:37

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتدار کے لئے اسٹیبلشمنٹ کی نوکری چاکری نہیں کی امانت اور دیانت کی سیاست کی اس لئے ہماری کوئی کمزوری انکے پاس نہیں ہمیں عوام کی دی ہوئی اعتماد کی طاقت ہے پاکستان کو اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ حکمرانوں نے تباہ کیا، عوام بیدار نہ ہوئے تو مستقبل تاریک ہوگا، آئین سے منحرف ہوکر نئے صوبوں کا غیر ضروری اشو اٹھا کر لوگوں میں انتشار پیدا کیا جارہا ہے، فلسطین و کشمیر میں ہنود و یہود کے مظالم جاری ہیں، کے پی کے اور پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں، ملک سودی معیشت اور بدترین کرپشن کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جماعت اسلامی کے 84 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں ہنود و یہود کے مظالم عروج پر ہیں امریکی سرپرستی میں یہ طاقتیں مسلمانوں کو کچلنے پر تلی ہوئی ہیں ایسے وقت میں امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 78 برس ہوچکے ہیں یہ ملک اللہ کی نعمتوں سے مالامال ہے لیکن آئین سے بغاوت، کرپشن اور قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ فوجی آمریت اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان کو عالمی استعماری قوتوں سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے جبکہ عوامی مقبولیت حاصل کرنے والی لیڈر شپ اور جماعتیں اقتدار میں آکر اسٹیبلشمنٹ کی ’’ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی‘‘ بن جاتی ہیں، لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں قرضوں کا بوجھ ناقابل برداشت حد تک بڑھ گیا ہے، سودی معیشت اور بدترین کرپشن نے اداروں کو کھوکھلا کردیا ہے سرکاری محکمے عوامی خدمت کے بجائے عیاشی اور مفت خوری میں مصروف ہیں جب تک عوام بیدار ہوکر اپنے مستقبل کے فیصلے خود نہیں کریں گے حکمران ان کی زندگی اجیرن بناتے رہیں گے، با اختیار بلدیاتی ادارے نہ دینے والے نئے صوبوں کی بات کرنے والے آئین سے منحرف ہو رہے ہیںمہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ سے عوام کو کچلا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے، سندھ میں آج تعلیم و صحت کی سہولیات تباہ ہوچکی ہیں، کچے کے ڈاکو عوام کے لیے عذاب بن گئے ہیں، اقلیتیں اور کاروباری طبقہ عدم تحفظ کا شکار ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی اور خیبرپختونخوا میں شام کے بعد شاہراہوں کی بندش عوام کی مشکلات بڑھا رہی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج حکمران نئے صوبے بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن وہ بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے اور صاف شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہیں عوام روزگار، صحت، تعلیم اور مہنگائی سے نجات چاہتے ہیں مگر حکمران غیر ضروری ایشوز کے ذریعے قوم کو تقسیم اور گمراہ کرکے انتشار پیدا کررہے ہیں، سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے باعث کئی افراد جان کی بازی ہار گئے، فصلیں برباد ہوگئیں اور راستے تباہ ہوگئے، اب تمام دریاؤں کا پانی سندھ کی طرف آرہا ہے دعا ہے کہ سندھ کے عوام کسی بڑے سانحے سے محفوظ رہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صرف جمہوریت کا نعرہ نہیں لگایا بلکہ اپنی صفوں میں حقیقی جمہوریت قائم کرکے موروثیت کا خاتمہ کیا ہے پاکستان اسلام کی سربلندی کے لیے بنایا گیا تھا مگر بدقسمتی سے ہم نے آئین اور اسلام کے تقاضوں کو پس پشت ڈال دیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ چنہ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری امداد اللہ بجارانی،امیر شہر حاجی دیدار علی لاشاری، قائم مقام امیر ضلع عبدالصمد کٹبار، ہدایت اللہ رند، عزیز پیرزادہ نے بھی خطاب کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات