Live Updates

بھارت کی آبی دہشت گردی پورے خطے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، جمعیت علماء اسلام سندھ

ہفتہ 30 اگست 2025 15:39

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارت کی آبی دہشت گردی پورے خطے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، حالیہ سیلابی صورتحال نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے لہٰذا حکومت فوری طور پر ریلیف اور ریسکیو اقدامات کو مزید موثر بنائے، جے یو آئی سندھ کے قائم مقام جنرل سیکریٹری مولانا محمد صالح انڈھڑ، صوبائی رہنما حاجی عبدالمالک ٹالپر، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو، مولانا محمد اسحاق لغاری اور مولانا محمد غیاث سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ متاثرہ علاقوں میں علماء اور فلاحی ادارہ انصار الاسلام کی خدمات قابل تحسین ہیں، مولانا صالح انڈھڑ نے کہا کہ بھارت دانستہ طور پر پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی انسانی آبادی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بارشوں نے حکومت اور بلدیاتی اداروں کے تمام دعوے بے نقاب کردیے ایک ہی بارش نے ترقیاتی منصوبوں کی حقیقت واضح کردی کہ یہ صرف کرپشن کے لیے بنائے گئے تھے، رہنماؤں نے زور دیا کہ سندھ کے بندوں اور اہم نہروں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بند ٹوٹنے کی صورت میں بڑی تباہی سے بچا جاسکے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اگر فوری حفاظتی اقدامات نہ کئے تو سندھ کے بڑے حصے ایک بار پھر سیلاب کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں جس سے ناقابل تلافی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات