Live Updates

پ*سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیمز بنانے کی ضرورت ہی: گورنر پنجاب

مستقبل میں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک پرو ایکٹو پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، سردار سلیم حیدر سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی میں حکومت کے ساتھ مل کر سب کو کردار ادا کرنا چاہئے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 اگست 2025 19:30

ڑ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو دن میں دو وقت کا کھانا دیا جائے گا۔ حکومت کے ساتھ پوری قوم سیلاب زدگان کی مدد کے لیے نکل آئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شدید بارش میں بابو صابو ٹول پلازہ کے قریب گورنر ہاؤس لاہور اور ہلال احمر کے تعاون سے قائم کیے گئے ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ریلیف کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین میں کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی میں حکومت کے ساتھ مل کر سب کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین شدید بارشوں کے باعث گھروں سے باہر ہیں جسے دیکھ کر دل دہل جاتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں سیلاب متاثرین کے لیے ہر وقت حاضر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ڈیم بنانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر سے متعلق میرے بیان پر فوری ایکشن لینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو دو وقت کا کھانا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہلال احمر کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ لگانے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم سیلاب زدگان کی مدد کے لیے حکومت کے ساتھ میدان میں نکلے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک پرو ایکٹو پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دریاؤں کے کناروں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کے حوالے سے قواعد و ضوابط اور پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کمزوریاں ہوں وہاں سزا کا نظام ہونا چاہیے۔ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر میاں حنیف نے کہا کہ گورنر پنجاب کی ہدایات پر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پنجاب بھر میں ریلیف کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ پنجاب لاہور، حافظ آباد، بونیر، قصور، مظفر گڑھ، راجن پور، نارووال اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات