1965ء میں دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا یوم دفاع پر پیغام

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے قوم، افواج پاکستان اور شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے جس نے پوری دنیا پر یہ حقیقت آشکار کی کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، جس طرح 1965ء میں دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج بھی دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں افواج پاکستان نے جس جرات، حوصلے اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے، شہداء اور غازیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی عوام اور فوج ایک جان، ایک دل اور ایک مقصد رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو موثر حکمت عملی اور بہادری کے ذریعے ناکام بنایا جس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1965ء میں دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج بھی دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم دفاع محض ایک دن کی یاد نہیں بلکہ یہ ایک عہد، ایک نظریہ اور ایک پیغام ہے کہ پاکستان کی بقاء اور ترقی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی یاد دہانی کراتا ہے تاکہ وطن عزیز کو ہر میدان میں مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکے۔

اپنے پیغام میں سیدال خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد میاں محمد نواز شریف کی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے عالمی دبائو کے باوجود پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں صوبہ پنجاب نمایاں ترقی کی راہ پر ہے، جہاں صفائی، جدید مواصلاتی نظام اور عوامی فلاح کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں اس امر پر غور کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم اپنی معاشی، سیاسی اور سماجی کمزوریوں کو کس طرح اپنی طاقت میں بدل سکتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک ایسا پاکستان دیں جو مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ہو۔انہوں نے چیف آف آرمی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں جس بہادری اور موثر حکمت عملی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے، وہ دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث ہے۔

آخر میں سیدال خان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ وطن کی سلامتی سب سے مقدم ہے، پاکستان ایک عظیم امانت ہے اور اس کی حفاظت ہر حال میں لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں اور قوم ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے ادا کریں گے۔