Live Updates

وفاقی وصوبائی حکومت ماضی کی طرح اب بھی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:50

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین دریائے ستلج قصورکا دورہ کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کے مسائل سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت ماضی کی طرح اب بھی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی‘ماضی میں شہباز شریف کی حکومت تھی جس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بہت زیادہ امداد کی گئی،پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بہن‘بھائیوں سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑی ہے،میں یہاں سیلاب متاثرین کے مسائل جاننے آیا ہوں اورآپ کو یقین دلاتاہوں کہ مشکل کی اِس گھڑی میں ہم آپ کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی طرح اب بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی فوری مالی امداد کی جائے اور ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسان ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان کسانوں کا ہوا ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننا ہوگا یا ہمارے دریا واپس کرنے ہونگے‘ہم عالمی سطح پر سندھ طاس معاہدہ پر آواز پر اٹھا رہے ہیں، بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے سیلاب نے تباہی مچا دی، بھارت انسانیت کو بھول گیا اور دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا جس کی تباہ کاریوں کی وجہ سے کافی نقصان اٹھاناپڑرہاہے، ہم متحد ہو کر پنجاب کے عوام کی مدداور اس آفت کا مقابلہ کریں گے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف،گورنر پنجاب سلیم حیدر،سابق ایم این اے چوہدری منظوراحمد،ڈپٹی کمشنرقصورعمران علی‘ڈی پی اوقصور عیسیٰ خان ،پیپلزپارٹی کی پنجاب اورضلعی قیادت اور پارٹی ورکرزبھی موجودتھے۔بعدازاں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے کیمپوں تلوار پوسٹ کابھی دورہ کیا جہاں پر ڈپٹی کمشنرقصور عمران علی، ڈی پی اوقصور عیسیٰ خان نے بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دی۔ بلاو ل بھٹو زرداری نے تلوارپوسٹ پرمتاثرین کے کیمپوں کا دورہ کیااور لوگوں سے ملاقات بھی کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات