Live Updates

آج ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، گورنر پنجاب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے کہ جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ آج پوری قوم 1965کی جنگ کے شہدا، غازیوں اور شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔6ستمبر 1965کو افواج پاکستان نے جس جذبے اور جرات کا مظاہرہ کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

اگر قوم متحد ہو تو کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کا عزت اور وقار بلند ہوا۔ سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے ایمان، جرات اور بصیرت سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان نے ہر مشکل اور نازک وقت میں وطن کے دفاع اور بقا کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔

6ستمبر کا دن اس بات کی گواہی ہے کہ ملک پہ جب بھی کوئی مشکل وقت آیا ہم ایک قوم بنے۔ اس قوم نے وطن عزیز کے استحکام و دوام کو اپنے باہمی اختلافات اور مفادات پر ہمیشہ ترجیح دی۔ آج ملک سیلاب کی ہولناکیوں اور تباہ کاریوں سے دو چار ہے۔ہمیں اس موقع پر اسی جذبے کا مظاہرہ کرنا ہے اور ایک قوم بن کر سوچنا ہے۔ ہمیں اپنے سیلاب زدگان بہن بھائیوں کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہے اور مصیبت زدگان کی ہر ممکن مدد کرنی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات