Live Updates

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کئے

ہفتہ 6 ستمبر 2025 15:20

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے سوات مینگورہ ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔اس موقع پر ایک باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد خان وزیر، ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینئر افسران، سی ای او واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف سوات، ایکسئین آپریشن پیسکو سوات, مقامی انتظامیہ، منتخب نمائندگان، سول سوسائٹی کے ارکان اور متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنےخطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے خصوصی ہدایات پر کل بونیر آج سوات سیلاب شہداء کے ورثاء میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے اپنےخطاب میں کہا کہ سیلاب نے خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع کو متاثر کیا، جس دن سیلاب آیا اس دن سوات میں موجود تھا اور پہلے دن سے خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیلاب کے پہلے روز متاثرین کے نقصانات اپنی آنکھوں سے دیکھے، پوری قوم سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پر افسردہ ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے سیلاب کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کے مشکلات اور ان کی مدد کرنے کی ذمہ داری سونپی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پہلے روز سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی سرگرمیوں کی نگرانی کی اور ہر لمحہ جاری امدادی سرگرمیوں سے خود کو باخبر رکھا اور اداروں کو بجلی،گیس،روڈزکی بحالی کے احکامات جاری کئے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فوری طور پر بجلی،گیس اور این ایچ اے کے روڈز کو ٹریفک کےلئے بحال رکھا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ہر کسی کو اللہ کی رضا کےلئے اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے،مشکل کے وقت میں ہمیشہ پاکستانی قوم اکٹھی ہوتی ہے اور اس سیلاب میں بھی پوری قوم فلاحی ادارے ،سرکاری ادارے اور سب سے بڑھ کر عوام اکٹھی ہوئی اور متاثرین کی بھرپور مدد کی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میں بذات خود عوام،فلاحی اداروں اور سرکاری اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہو کہ انہوں نے دن رات متاثرین سیلاب کی ہر ممکن مدد کی- اس مشکل گھڑی میں ہم سب ایک ہے یہ مدد ہم کسی کے لئے نہیں بلکہ یہ اپنے لئے اور اپنے عوام کے لیے کررہے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف خود بونیر آئے اور متاثرین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد کی نہ صرف یقین دہانی کرائی بلکہ عملی طور تعاون کی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج متاثرین کےلئے وفاقی حکومت کی یہ امدادی چیکس اس بات کی ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت آپ کیساتھ ہے اور بحالی تک آپ کیساتھ رہے گا۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاک فوج بھی ملک بھر میں سیلاب زدگان کی مدد کےلئے پیش پیش ہے، فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر خود بونیر آئے اور متاثرین سیلاب کیساتھ تعزیت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خاکی وردی والے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت پنجاب اور دیگر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں دن رات کام کررہے ہیں-وفاقی حکومت،عوام،سرکاری اور فلاحی اداروں ملکر متاثرین کی مکمل بحالی تک اکٹھے کام کریگی۔

انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان تک ریلیف پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حکومت نہ صرف فوری امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع ہماری تاریخ کا ایک حوصلہ افزا اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جو ہمیں قربانی، جرات اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے۔متاثرین نے امدادی چیکس ملنے پر وفاقی حکومت اور انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا-قبل ازیں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سوات اور دیگر اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سوات کی قیادت ضلع صدر قوی خان،سیکرٹری جنرل عبدالکریم خان،سوات ڈویژن جنرل سیکر ٹری و سابقہ صوبائی وزیر محمد علی شاہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سکریٹری فضل رحمان نونو،صوبائی یوتھ آرگنائزر ارشاد علی خان،دیگر پارٹی قائدین بھی موجود تھی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات