Live Updates

بلوچستان اسمبلی اجلاس ،بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوریسکیولرڈیزیز، بلوچستان لینڈ ریونیو کے قوانین منظور

بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کا ترمیمی مسودہ قانون کمیٹی کے سپرد ،ہزار گنجی بس ٹرمینل اور پر فارمنس آڈٹ رپورٹ بر گوادر ، لسبیلہ سپورٹ پراجیکٹ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سپرد

پیر 8 ستمبر 2025 21:15

!کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوریسکیولرڈیزیز، بلوچستان لینڈ ریونیو کے قوانین منظور جبکہ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کا ترمیمی مسودہ قانون ایک بار پھر کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، ہزار گنجی بس ٹرمینل اور پر فارمنس آڈٹ رپورٹ بر گوادر ، لسبیلہ سپورٹ پروجیکٹ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سپرد کردی گئیں، اسپیکر نے سیکرٹریز کو اسمبلی میں اجلاس میں شرکت کا پابند کرنے کے لیے رولنگ دے دی ۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکرکیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے توجہ دلائو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکران بالخصوص گوادر کو ایران سے بجلی فراہم کی جاتی ہے گزشتہ کئی مہینوں سے ایران کی طرف سے بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ سے مکران کے عوام بالعموم اور ضلع گوادر کے بالخصوص شدید اذیت کا شکار ہیں 100میگا واٹ کے معاہدے کے باوجود صرف 10میگا وات بجلی فراہم کی جارہی ہے لہذا ایران کی طرف سے بجلی کی فراہمی کے تعطل کی وجوہات کی تفصیل فراہم کی جائے ۔

(جاری ہے)

توجہ دلائونوٹس کو پارلیمانی سیکرٹری توانائی کے جواب کے بعد نمٹا دیا گیا ۔ اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ضلع گوادر میں محکمہ سماجی بہبود کے تحت 140 ملازمین کو بھرتی کیا گیا ہے ، گوادر میں 140 ملازمین میں سے ایک بھی نہیں آتا، جس پر پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود ولی نورزئی نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی جاری ہے، غیر حاضری ملازمین کے خلاف تحقیقات کو جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ایوان میں بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوریسکیولرڈیزیزکاترمیمی مسودہ قانون 2025 پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کا ترمیمی مسودہ قانون 2025 پیش کیا تو ارکان اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی ، سید ظفر آغانے اس پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معاملے کو دوبارہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے جس پر اسپیکر نے مسودہ قانون کو ایک بار پھر قائمہ کمیٹی کو ریفر کرتے ہوئے رولنگ دی کہ منگل کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس بلا کر اس پر حتمی رائے قائم کرکے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے ۔

اجلاس میں بلوچستان لینڈر ریونیو ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ 2025 سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی جس کے بعد صوبائی وزیر مال میر عاصم کرد گیلو نے بلوچستان لینڈر ریونیو کا ترمیمی مسودہ قانون مصدرہ 2025 ایوان پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آڈیٹر جنرل اف پاکستان کی ہزار گنجی میں کوئٹہ کراچی بس ٹرمینل سے اور پر فارمنس آڈٹ رپورٹ بر گوادر ، لسبیلہ سپورٹ پروجیکٹ مالی سال 13-2012 تا 21-2020 کی آڈٹ رپورٹس 23-2022 ایوان میں پیش کیں جنہیں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سپرد کردیاگیا ۔

اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سیکرٹیریز موجود نہیں ہوتے ۔ کیا وہ منتخب افراد کو عزت نہیں دیتے جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ چیف سیکرٹری کو ہدایت کی جائے کہ اسمبلی اجلاس میں جس بھی محکمے ا یجنڈاہو اسکا سیکرٹری اجلاس میں موجود ہونا چاہیے بصورت دیگر کاروائی کی جائیگی ۔

مولا نا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کا سیزن شروع ہونے کے ساتھ ہی ٹرالر مافیا سرگرم ہے ،محکمہ فشریز کے سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمے کی ملی بھگت سے ٹرالنگ ہوتی ہے ہماری 70فیصد مچھلی ٹرالر مافیا ء لے جاتی ہے بارڈ بند ہیں ، روزگار نہیں ہے ماہی گیری کو بھی بند کیا جارہا ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑ ی نے کہا کہ نصیر آباد کے علاقوں میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقلی کے بغیر بجلی کاٹی جارہی ہے ۔ جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ بدھ کو سیکرٹری توانائی اور کیسکو چیف کو طلب کیا جائے ۔پارلیمانی سیکرٹری اصغر رند نے جواب دیا کہ 4اضلاع میں انتظامی افسران نے اب تک رپورٹ نہیں بھیجی جس کی وجہ سے منتقلی تاخیر کا شکار ہے ۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ کو لکھ دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سردارزادہ فیصل جمالی نے کہا کہ گڈو اور سکھر بیراج سے بلوچستان میں سیلابی ریلے داخل ہونے کا خدشہ موجود ہے جس سے نصیر آبادمیں سیلاب آسکتا ہے حکومتی اداروں کو اس حوالے سے تیاریوں پر آگاہ کرنے کا پابند بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے وزراء اعلیٰ رابطہ کریں تاکہ اگر کٹ لگایا جارہا ہے تو پیش گی معلومات فراہم کی جائیں ۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم کے ہمراہ نصیر آباد میں موجود ہیں ہم ان سے رابطہ کر کے مشکلات حل کریں گے ۔ پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑ ی نے کہا کہ گڈو بیراج میں سیلاب آرہا ہے مگر پٹ فیڈر کینال میں پانی نہیں لوگ پینے کے پانی سے محروم ہیں ۔ بعدازاں اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 10 ستمبر کو سہ پہر3 بجے تک ملتوی کر دیا
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات